اسٹاک ہوم، سویڈن - - - - - - سویڈن کے دارالحکومت ا سٹاک ہوم میں ایک ٹرک نے کم از کم 3افراد کو کچل کر ہلاک کر دیا ہے۔ متعدد زخمی ہوئے۔سویڈن کے وزیرِ اعظم ا سٹیفن لوفوین نے کہا کہ ملک پر حملہ ہوا ہے اور ہر چیز اس بات کی طرف اشارہ کر رہی ہے کہ یہ دہشت گرد حملہ تھا۔انھوں نے کہا کہ ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم انھوں نے تفصیلات نہیں بتائیں۔یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے کوین ا سٹریٹ پر پیش آیا جو شہر کا معروف بازار ہے جہاں لوگ پیدل چلتے ہیں۔عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا ہے کہ انھوں نے ایک ٹرک کو ایک ڈیپارٹمینٹل سٹور کی کھڑکی توڑتے دیکھا۔ اس کے علاوہ انھوں نے کئی لوگوں کو زمین پر پڑے دیکھا ہے۔ایک عینی شاہد لائف ارنمار نے ایس وی ٹی وی کو بتایا کہ وہاں مکمل انتشار کا عالم ہے۔ بہت سے لوگ صدمے کی حالت میں ہیں۔'سویڈن کی ایک فیکٹری ا سیپن ڈرپس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کا ایک ٹرک سامان دینے لیے صبح نکلا تھا جو کہ بعد میں چوری ہو گیا جو بعد میں اس واقعہ میں استعمال ہوا۔کمپنی کے ترجمان خبر رساں ادارے ٹی ٹی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ 'ہمارا ڈرائیور ٹرک سے سامان نکال رہا تھا جب کوئی شخص چھلانگ لگا کر ٹرک میں داخل ہو گیا اور اسے لے کر بھاگ گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ بی بی سی کے سکیورٹی نامہ نگار فرینک گارڈنر نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کے علاوہ شہر کے ایک اور علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دی گئی ہیں۔یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ان دونوں واقعات کا آپس میں تعلق ہے۔