نیدرلینڈز نے افغانستان سے 294 افغان شہریوں کو پاکستان پہنچا دیا
جمعرات 24 فروری 2022 20:53
اس گروپ کو ڈچ حکومت کی طرف سے اسلام آباد کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے (فوٹو اے ایف پی)
نیدرلینڈز کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ گذشتہ چند دنوں میں 294 افغان شہریوں کو افغانستان سے پاکستان لایا گیا ہے جہاں سے انہیں نیدرلینڈز لایا جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف کے مطابق اس گروپ میں ترجمان، غیر سرکاری ورکرز اور دیگر افراد سمیت ان کے خاندان شامل ہیں جنہوں افغانستان میں ڈچ مشن کی معاونت کی۔
ہیگ میں موجود وزارت خارجہ نے کہا کہ ان لوگوں کو افغانستان پاکستان سرحد کے ذریعے ’مشکل سفارتی مذاکرات‘ کے بعد پاکستان میں داخلے کی اجازت ملی۔
’اس گروپ میں سب کے پاس قانونی سرفی دستاویزات نہیں ہیں۔ پاکستانی حکام نے ان افراد کو خصوصی استثنیٰ دیا ہے تاکہ وہ نیدرلینڈز پہنچ سکیں۔‘
بیان کے مطابق اس گروپ کو ڈچ حکومت کی طرف سے اسلام آباد کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔ 35 افراد پر مشتمل پہلے گروپ کو جنوری میں پاکستان آنے کی اجازت دی گئی تھی اور یہ گروپ جمعے کو نیدرلینڈز پہنچا تھا۔
گذشتہ برس اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد نیدرلینڈز نے اپنے شہریوں اور افغان شہریوں سمیت 15 سو افراد کو افغانستان سے نکالا تھا، لیکن کچھ افغان شہری پیچھے رہ گئے تھے۔
افغانستان سے انخلا کے معاملے پر دو ڈچ وزرا کو اپنے عہدے مستعفی ہونا پڑا تھا۔
وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’حکومت اس مسئلے کا حل ڈھونڈ رہی ہے اور اس دوران لوگوں کو نصیحت کی جاتی ہے کہ وہ پاسپورٹ کےلے درخواست دیں۔‘