Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی پر اپنی پسند کا نمبر کیسے لگوایا جا سکتا ہے؟   

گاڑی انسان کی ضرورت تو ہے ہی لیکن مختلف اقسام کی گاڑیاں رکھنا ایک شوق بھی ہے۔ گاڑیوں کے شوقین افراد مختلف طریقوں سے اپنے اس شوق کو پورا کرتے ہیں۔
 کچھ کو ہر سال نئے ماڈل کی گاڑی رکھنے کا شوق ہوتا ہے تو کچھ قدیم اور ونٹیج کاروں کو اپنے گھر میں رکھنا پسند کرتے ہیں۔
چند افراد ایسے بھی ہیں جو عام گاڑیوں میں مختلف تبدیلیاں کروا کر ان کو ریسر کار کی شکل دے دیتے ہیں۔
’شو روم سے گاڑی اب رجسٹریشن کے بغیر نہیں نکلے گی
 گاڑیوں کے شوقین افراد کی ایک خواہش یہ بھی ہوتی ہے کہ ان کی گاڑی کی نمبر پلیٹ کچھ خاص اور دلچسپ ہو۔ بہت سے افراد اپنا من پسند نمبر اور اس کی سیریز حاصل کرنے کے لیے بھاری رقوم بھی ادا کرتے ہیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اسلام آباد کے نمبر پلیٹس سیکشن کے اہلکار اویس اقبال بتاتے ہیں کہ ’گاڑی کے نمبروں کے لیے مختلف قسم کی ڈیمانڈز آتی ہیں، کچھ لوگ گھر کے نمبر، تاریخ پیدائش، اور کچھ اپنے موبائل نمبر کے آخری تین ہندسوں کا گاڑی نمبر الاٹ کروانا چاہتے ہیں۔‘  
اپنی پسند کا نمبر حاصل کرنے کے لیے کوئی بھی شخص ایکسائز کے دفتر سے گاڑی کی رجسٹریشن کے وقت مطلوبہ نمبر دیے جانے کی درخواست کرسکتا ہے۔
اگر وہ نمبر عام سیریز کا ہے اور کسی نے پہلے سے حاصل نہیں کرلیا تو وہ صارف کو باآسانی مل سکتا ہے۔ لیکن اگر وہ نمبر بہت خاص ہے اور ’گولڈن‘ کی فہرست میں آتا ہے تو پھر اس کے لیے حکومت کی مخصوص کردہ قیمت ادا کر کے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد میں ایک ہندسے کی نمبر پلیٹ کے لیے تین لاکھ روپے فیس مقرر کی گئی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)

کس نمبر کی کتنی قیمت ہے؟  
اسلام آباد کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ڈائریکٹر بلال اعظم خان نے مختلف نمبروں کی قیمتوں سے متعلق استفسار پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’اب اسلام آباد میں ایک ہندسے والے نمبر کی رجسٹریشن بھی  شروع کردی گئی ہے، پہلے ایک نمبر والی پلیٹ 001 کے طور پر الاٹ کی جاتی تھی لیکن اب ایک ہندسے یعنی  نمبر 1 بھی آلاٹ کیا جاتا ہے جس کی قیمت تین لاکھ روپے ہے۔‘  
بلال اعظم خان کے مطابق ’سپیشل سیریز کا نمبر الاٹ کروانے کے لیے علیحدہ فیس جمع کروانا ہوتی ہے۔ اگر ایک سیریز چل رہی ہے اور گاڑی کا مالک ایک سال بعد آنے والی سیریز کے نمبر کی خواہش رکھتا ہے تو اسے ایک لاکھ روپے تک فیس جمع کروانا ہوگی۔
’اسی طرح ہر سال کے ساتھ ایک ایک لاکھ روپے کا اضافہ ہوتا جائے گا۔ اگر صارف کو دس سال بعد آنے والی سیریز کا نمبر چاہیے تو اس کو 10 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔‘  

گاڑیوں کا خاص نمبر ’گولڈن‘ کی فہرست میں آتا ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)

ڈائریکٹر ایکسائز نے بتایا کہ ’پہلے بہت سے افراد مخصوص نمبر حاصل کرنے کے لیے سفارشیں کرواتے تھے اور درخواستیں کرتے تھے۔ اس لیے ہم نے اب ایک نیا نظام تشکیل دیا ہے جس کے تحت مطلوبہ فیس ادا کر کے کوئی بھی شخص کسی بھی سیریز کا نمبر حاصل کرسکتا ہے۔‘
 آج کل کون سی سیریز کا ٹرینڈ چل رہا ہے؟  
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے نمبر پلیٹس سیکشن کے اہلکار اویس اقبال بتاتے ہیں کہ ’جب سے ایک ہندسے والا نمبر الاٹ کرنا شروع کیا گیا ہے لوگوں میں اس کی طلب زیادہ ہوگئی ہے۔‘
اویس اقبال کے مطابق مخصوص نمبروں والی پلیٹس ایک ہی دن میں الاٹ کردی جاتی ہے، اور کوشش ہوتی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر نمبر پلیٹ ڈیلیور بھی ہو جائے۔‘  

شیئر: