Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان آنے پر اچھا محسوس ہو رہا ہے: آسٹریلوی کپتان

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے 24 سال بعد پاکستان آمد پر کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سخت سکیورٹی تسلی بخش ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستانی حکومت نے آسٹریلوی ٹیم کو اعلیٰ سطح کی سکیورٹی فراہم کی ہے جو عام طور پر کسی بھی ملک کے سربراہ کو دی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد اتوار کو پاکستان کے دورے پر پہنچی ہے۔ یہ 1998 کے بعد آسٹریلیا کی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔
اسلام آباد ایئر پورٹ سے لے کر ہوٹل تک کے راستے پر سینکڑوں کی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہوا تھا۔
ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے اعلیٰ سطح کے سکیورٹی انتظامات پر کہا کہ ’یہ کافی تسلی بخش ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ اتنی بڑی تعداد میں اہلکاروں نے ہمیں اپنے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔‘
پاکستان کے دورے کے دوران آسٹریلیا کی ٹیم تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔
آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے خود کو اپنے کمروں تک محدود رکھیں گے جبکہ پیر کو پریکٹس میچز کے آغاز سے پہلے ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔
ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ’ہم زیادہ وقت ہوٹل میں ہی گزاریں گے لیکن ہم نے انڈیا اور دیگر ایسے مقامات کا دورہ کیا ہے جہاں ہوٹل سے زیادہ باہر نہیں نکلتے، اس لیے ہمیں عادت ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ اور کوئی سرگرمی نہیں ہو گی۔‘

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچز کا آغاز 4 مارچ سے ہوگا۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کی پاکستان واپسی سے یہاں دورے کرنے سے متعلق رویوں میں تبدیلی آئی ہے۔
’ہمیں ہمیشہ سے ہی معلوم تھا کہ پاکستان ایک انتہائی بہترین کرکٹ قوم ہے۔ پاکستان میں 24 سال بعد کرکٹ کھیل رہے ہیں، امید ہے کہ سب کرکٹ کو انجوائے کریں گے۔‘
پیٹ کمنز نے مزید کہا کہ ’ہمیں خوش قسمتی محسوس ہو رہی ہے کہ ہمیں یہاں واپس آنے کا موقع ملا ہے جبکہ ایک پوری نسل کو یہاں آ کر ٹیسٹ یا کوئی بھی کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔‘
شیڈول کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ کو راولپنڈی، 12 سے 18 مارچ کو کراچی اور 21 سے 25 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
تینوں ایک روزہ میچ 29 مارچ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ جبکہ واحد ٹی 20 میچ 5 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

شیئر: