مملکت کے کئی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں، درجہ حرارت بڑھے گا
آئندہ بدھ سے بیشتر علاقوں کا موسم غیر مستحکم ہونا شروع ہوگا(فوٹو عرب نیوز)
سعودی محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ’ آئندہ بدھ سے مملکت کے بیشتر علاقوں کا موسم غیر مستحکم ہونا شروع ہوگا اور کئی دن تک جاری رہے گا۔‘
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کے بیان میں کہا گیا کہ’ متعدد علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔ مختلف مقامات پر درجہ حرارت بڑھے گا۔‘
ترجمان نے بیان میں کہا کہ ’مملکت کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں درجہ حرارت کم ہوتا جائے گا۔ جنوبی علاقوں میں تدریجی طور پر کم ہوگا۔ اس سے قبل تیز ہوائیں چلیں گی اور حد نظر محدود ہوجائے گی۔‘
علاوہ ازیں اتوار کو مکہ مکرمہ اور ریاض ریجنوں میں گرد آلود ہواوں کی وجہ سے حد نگاہ محدود رہی۔ گرد آلود ہواوں سے مکہ مکرمہ ریجن کی چار کمیشنریوں اور ریاض ریجن کی تین کمشنریاں زد میں آئیں۔
جازان اور عسیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔