Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجوف انٹرنیشنل زیتون فیسٹیول کا آغاز، دس دن جاری رہے گا

متعدد قومی اور بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں 15 واں الجوف انٹرنیشنل زیتون فیسٹیول جمعرات 3 مارچ کو سکاکا کے پرنس عبداللہ کمیونٹی سینٹر میں شروع ہورہا ہے جو 10 دن تک جاری رہے گا۔
عرب نیوز کے مطابق اس فیسٹیول میں زیتون اور زیتون کے تیل کی متعدد قومی اور بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ یہ سعودی عرب اور خلیج تعاون کونسل کے وسیع تر خطے میں زیتون کا سب سے بڑا فیسٹیول ہے۔
 فیسٹیول کا مقصد سعودی عرب میں زیتون اور زیتون کے تیل پیدا کرنے والوں کے لیے مارکیٹنگ کے مواقع کو بڑھانا، خطے میں زیتون کی مصنوعات کو وسیع تر سامعین کے لیے متعارف کروانا، نیز زیتون کے تیل میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے۔ اس کا مقصد صنعت میں سعودی تاجروں اور خواتین کے کردار کو بھی فعال کرنا ہے۔
یہ فیسٹیول خطے میں اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو بحال کرنے اور مملکت کے ویژن 2030 کے مقاصد کے تحت زرعی شعبے کی پیداوار میں اضافہ کرنے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔
سعودی عرب کا شمالی علاقہ جوف جسے مملکت کی ’زیتون کی ٹوکری‘ کہا جاتا ہے میں سات ہزار 300 ہیکٹر پر 18 ملین سے زیادہ زیتون کے درخت ہیں۔
وہاں کی مٹی خاص طور پر زرخیز اور درختوں کو اگانے کے لیے موزوں ہے جس سے سالانہ ہزاروں لٹرزیتون کا تیل پیدا ہوتا ہے۔
الجوف کے گورنر شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز نے علاقے میں زیتون کے کاشتکاروں اور پروڈیوسروں کی سپورٹ کی ہے جس سے اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور پیداوار کے حجم میں اضافہ ہوا ہے۔

 بہترین پانچ کسانوں، بہترین زیتون اور بہترین تیل کا اعلان کیا جائے گا(فوٹو ٹوئٹر)

ملین ٹری فارم کے مالک ناصر الحمد جو دوسری بار فیسٹیول میں شریک ہیں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میں اپنے فارم سے زیتون کے اچار اور زیتون کے تیل کی نمائش کروں گا۔ اس سمارٹ اریگیشن سسٹم کی بھی نمائش کروں گا جسے میں وہاں استعمال کرتا ہوں۔‘
ناصر الحمد نے کہا کہ انہوں نے تیل نکالنے والی اطالوی تعمیراتی کمپنی ایمندونی نکولا ایس پی اے کو فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی۔
فیسٹیول کے آخری دن بہترین پانچ کسانوں، بہترین زیتون اور بہترین تیل کا اعلان کیا جائے گا۔
پانچ لاکھ ریال کی انعامی رقم مختلف زمروں کے پانچ فاتحین میں تقسیم کی جائے گی۔

شیئر: