سعودی عرب نے 20 ہزار سے زائد ناکارہ گاڑیاں سڑکوں سے ہٹا دیں
سعودی عرب نے 20 ہزار سے زائد ناکارہ گاڑیاں سڑکوں سے ہٹا دیں
جمعرات 3 مارچ 2022 5:43
الجوف ریجن میں 100 گاڑیاں ہٹوائی گئیں۔ (فوٹو الوطن)
سعودی عرب میں تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیوں کو ریکارڈ سے خارج کرنے کے لیے ایک سال کی مہلت کا آغاز یکم مارچ 2022 سے شروع ہوچکا ہے۔ مملکت بھر کی میونسپلٹیوں نے 20 ہزار سے زیادہ تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیاں اٹھوائی ہیں جو شہروں کا منظر نامہ خراب کیے ہوئے تھیں۔
الوطن اخبار کےمطابق بلدیاتی کونسلوں نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران مملکت کے 8 علاقوں کے چوراہوں اور سڑکوں سے تباہ شدہ اور بیکار کھڑی ہوئی بیس ہزار 891 گاڑیاں اٹھوائی ہیں۔
سب سے زیادہ تباہ شدہ اور بیکار گاڑیاں مکہ مکرمہ ریجن میں پائی گئیں۔ 15963 گاڑیاں ہٹوائی گئی ہیں۔ الشرقیہ ریجن میں 1627 گاڑیاں جبکہ تبوک ریجن سے 1312 گاڑیاں ہٹائی ہیں۔
باحہ ریجن میں میونسپلٹی نے 792، عسیر ریجن میں 728، جازان ریجن میں 256، حدود شمالیہ میں 113 اورالجوف ریجن میں 100 گاڑیاں ہٹوائی گئی ہیں۔
ان شہروں کی میونسپلٹیوں کی فیلڈ ٹیمیں تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں جہاں انہیں اس قسم کی گاڑی نظر آئے گی جس سے محلے، سڑک یا شہر کا منظر بدنما لگ رہا ہو تو اسے ہٹوا دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیوں کو اپنے ریکارڈ سے ہٹوانے کے لیے تاخیر اور تجدید کے جرمانوں اور فیس سے استثنی دیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں