Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وراٹ کوہلی کرکٹ کے لیے اہم‘، سابق انڈین کپتان کا 100 واں ٹیسٹ میچ

راہل ڈریوڈ سابق انڈین کپتان ورات کوہلی کے بچپن کے ہیرو ہیں۔ (تصویر: کرک انفو/ٹوئٹر)
موہالی میں انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ سابق انڈین کپتان وراٹ کوہلی کے کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ ہے اور اس موقع پر انہیں ان کی کوچ کی جانب سے ایک خصوصی کیپ پیش کیا گیا۔
اس موقع پر وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ’میں یہ کیپ راہل ڈراوڈ سے زیادہ بہتر آدمی سے موصول ہی نہیں کرسکتا تھا، میرے بچپن کے ہیرو۔ میرے پاس ابھی بھی وہ تصویر موجود ہے جو میں نے آپ کے ساتھ انڈر 15 کے دنوں میں بنوائی تھی۔‘
خصوصی کیپ موصول کرتے وقت وراٹ کوہلی کے ساتھ ان کی اہلیہ انوشکا شرما بھی موجود تھیں۔ یہ اعزازی کپیپ سابق انڈین کپتان کو دیتے وقت ٹیم کے کوچ راہل ڈریوڈ کا کہنا تھا کہ ’مجھے پتہ ہے جب ایک بچے کی حیثیت سے آپ نے کرکٹ کھیلنا شروع کی ہوگی تو آپ انڈیا کے لیے ایک ٹیسٹ میچ کھیلنا چاہتے ہوں گے۔‘
انڈین کوچ راہل ڈریوڈ نے کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وراٹ کوہلی کے لیے یہ ایک اعزاز کی بات ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ان کی زندگی میں انہیں مزید کامیابیاں ملیں گی۔
سوشل میڈیا صارفین اور وراٹ کوہلی کے ساتھی کھلاڑی بھی انہیں اس موقع پر مبارکباد دے رہے ہیں۔

انڈین کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے اس حوالے سے ایک دلچسپ بات لکھی کہ وراٹ کوہلی کو خصوصی کیپ دینے والے ان کے کوچ راہل ڈریوڈ نے جب خود 100 واں ٹیسٹ کھیلا تو وہ وراٹ کوہلی کے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ تھا۔

سابق انڈین فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے لکھا کہ ورات کوہلی نے تمام کرکٹ دیکھنے والوں کو اپنے ’جادو‘ سے ٹیسٹ کرکٹ میں دوبارہ دلچسپی لینے میں مجبور کردیا ہے۔

سابق انڈین بیٹسمین محمد کیف نے لکھا کہ ’ٹیسٹ کرکٹ وراٹ کوہلی کے لیے اہم ہیں اور وراٹ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اہم ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’دعا ہے کہ کوہلی اور ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ کامیاب رہیں۔‘

سوشل میڈیا صارفین کو وراٹ کوہلی کا اپنی اہلیہ انوشکا شرما کو اپنے ساتھ گراؤنڈ میں لے جانا بھی خاصا پسند آیا۔
نیہا نامی صارف نے لکھا کہ ’مجھے وراٹ کوہلی کا انوشکا کو خاص بنانا پسند ہے اور انوشکا کو بھی ان پر فخر ہے اور یہ ان کے چہرے سے عیاں ہے۔‘

وراٹ کوہلی اپنے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 27 سینچریوں اور 28 نصف سینچریوں کی مدد اور 50.39 کی اوسط سے 7962 رنز بناچکے ہیں۔

شیئر: