بی ایس ایف اہلکار کی چار ساتھیوں کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی
ذرائع نے بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والا جوان اپنی ڈیوٹی کے اوقات سے ناخوش تھا (فوٹو: دا انڈین ایکسپریس)
انڈیا میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع امرتسر کے علاقے خاصہ میں بارڈر سیکورٹی فورس کے ایک جوان نے چار ساتھیوں کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کر لی ہے۔
انڈین اخبار دا انڈین ایکسپریس کے مطابق اتوار کی صبح پنجاب کے امرتسر ضلع کے علاقے خاصہ میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک جوان نے مبینہ طور پر فورس کے ہیڈکوارٹر کے اندر فائرنگ کی اور خود کو مارنے سے پہلے اپنے چار ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔
امرتسر دیہی پولیس کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) دیپک ہلوری نے فائرنگ کرنے والے جوان سمیت پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
فائرنگ میں بی ایس ایف کا ایک اور اہلکار بھی شدید زخمی ہوا جو امرتسر کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
بی ایس ایف نے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والا جوان اپنی ڈیوٹی کے اوقات سے ناخوش تھا۔
یہ واقعہ اتوار کی صبح 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے جوانوں کو 11 بجے ایک نجی ہسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔
بی ایس ایف ذرائع نے بتایا کہ کانسٹیبل سیٹیپا ایس کے نے اپنے ہتھیار کا استعمال کیا اور خاصہ ہیڈکوارٹرز کی جی ایف اور او آر ایس بیرکوں میں اپنے ساتھیوں پر فائرنگ شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق ’نوجوان نے 144 بٹالین کے آفیشل کمانڈنٹ ستیش مشرا کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی۔‘
واضح رہے کہ خاصہ پنجاب میں بی ایس ایف کے مصروف ترین ہیڈکوارٹروں میں سے ایک ہے۔