’ مملکت کی چھوٹی مساجد میں نماز جمعہ نہیں ہوگی‘
کورونا وبا سے قبل بھی جمعے کی نماز جامع مساجد تک محدود تھی(فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیراسلامی امور و دعوت و رہنمائی عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ’ آئندہ چھوٹی مساجد میں نمازجمعہ نہیں ہوگی۔ صرف جامع مساجد میں جمعے کی نماز ہوگی۔
یاد رہے کہ کورونا وبا شروع ہونے سے قبل بھی سعودی عرب میں جمعے کی نماز جامع مساجد تک محدود تھی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر اسلامی امور نے مساجد کے آئمہ سے کہا ہے کہ’ وہ ابھی سے نمازیوں کو نئی ہدایات سے آگاہ کردیں اورانہیں بتا دیں کہ آئندہ جمعے کی نماز صرف جامع مساجد میں ہوگی۔‘
وزارت اسلامی امور نے کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے اجازت دی تھی کہ جامع مساجد کے قریب چھوٹی مساجد میں بھی نماز جمعہ ادا کی جاسکتی ہے۔
یہ سہولت جامع مساجد میں نمازیوں کا رش کم کرنے اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کی خاطر سماجی فاصلے کی پابندی کو یقینی بنانے کی وجہ سے دی گئی تھی۔