حرمین جانے کے لیے عمر کی کم از کم حد کتنی؟
پانچ برس سے کم عمر بچوں کے لیے حرمین جانے کا پرمٹ جاری نہیں ہوتا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین جانے کے لیے پانچ برس سے کم عمر بچوں کو پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔ حرمین جانے کے لیے پرمٹ کا اجرا صرف ان کے لیے ہوگا جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہوں اور توکلنا پر ان کا سٹیٹس امیون ہو۔
اخبار 24 نے وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ عمرہ کے لیے آنے والے افراد جن کے ہمراہ بچے ہوتے ہیں ان کی عمر کی حد کے حوالے سے قبل ازیں کہا گیا تھا کہ حرمین جانے والوں کے لیے مخصوص عمر کی حد کی شرط نہیں بلکہ ’امیون‘ ہونا لازمی ہے۔
واضح رہے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وزارت صحت کی جانب سے وضع کردہ ضوابط پر عمل درآمد جاری ہے اس حوالے سے ’توکلنا‘ اور’اعتمرنا ‘ ایپ کے ذریعے وہ افراد حرم مکی الشریف جانے کے لیے پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہوئی ہوں اور ان کا سٹیٹس امیون ہو۔
کورونا ویکسین کے حوالے سے وزارت صحت کے قوانین کے مطابق ایسے افراد جنہوں نے ویکسین کی دوسری خوراک آٹھ ماہ قبل لگوائی ہے ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ بوسٹر ڈوز لگوائیں۔ وہ افراد جو مذکورہ زمرے میں شامل ہیں اور انہوں نے بوسٹر ڈوز نہیں لگوائی توکلنا پر ان کا امیون سٹیٹس ختم ہوجائے گا جس کی وجہ سے وہ عمرہ پرمٹ حاصل نہیں کرسکیں گے۔