سنہ 2018 کے انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنی تو عمران خان کو وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان میں پہلا خطاب کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس سے یہ اندازہ ہوا کہ وزارت عظمیٰ عمران خان کے لیے پھولوں کی سیج نہیں ہوگی۔
عمران خان نے اس کا حل ایک تو یہ نکالا کہ وہ قومی اسمبلی میں جاتے ہی بہت کم تھے اور دوسرا اپوزیشن رہنما احتسابی عمل میں اس قدر الجھے رہے کہ انہیں عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کے بجائے خود جیلوں میں کئی کئی ماہ گزارنا پڑے۔
عمران خان کو درپیش سیاسی چیلنجز کیا ہیں؟
تاہم کم وبیش ساڑھے تین سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد ملکی معیشت اور مہنگائی کی صورت حال کے پیش نظر اپوزیشن کو متحرک ہوئی اور اس نے پہلی بار عمران خان کو اقتدار سے باہر کرنے کے لیے عملی قدم اٹھاتے ہوئے قومی اسمبلی میں ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔ اس کے باعث عمران خان کو بحیثیت وزیراعظم پہلی بار اپوزیشن کی جانب سب سے بڑے امتحان کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں
-
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد، اب آگے کیا ہوگا؟Node ID: 650991
-
وزیراعظم عمران خان کے خلاف ’مغربی سازش‘ کی گونجNode ID: 650996
-
’وسیم اکرم پلس‘ عثمان بزدار کا مستقبل کیا ہوگا؟Node ID: 651021
اگر تو صرف اپوزیشن کی بات ہوتی تو عمران خان ’این آر او نہیں دوں گا‘ کہہ کر ڈٹ جاتے، لیکن اب صورت حال مختلف ہے۔ صرف اپوزیشن ہی نہیں عمران خان کی اپنی جماعت کے ناراض ارکان اپنے ہی وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف صف آرا ہیں اور اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کی جانب سے چیلنجز بھی سامنے آ گئے ہیں اور ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے عمران خان کے پاس اگرچہ نمبر گیم بظاہر پورے ہیں، لیکن ان کے اتحادی چوہدری برادران نے بھی موجودہ صورت حال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب کی وزارت اعلیٰ پر نظریں جما لی ہیں اور اس سلسلے میں لابنگ بھی شروع کر دی ہے۔
عمران خان اگر وفاق میں چودھری برداران کی حمایت برقرار رکھنے کے لیے پنجاب میں انھیں وزارت اعلیٰ دینے کی حامی بھرتے ہیں تو انہیں عثمان بزدار کی قربانی دینا پڑے گی۔ لیکن یہ صورت حال بھی آئیڈیل نہیں ہے، کیونکہ عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر ترین اور علیم خان کے اتحاد نے تحریک انصاف کے اتحاد میں دراڑیں ڈال دی ہیں۔
جہانگیر ترین اور علیم خان کے گٹھ جوڑ نے اگرچہ عثمان بزدار پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے، لیکن وہ پرویز الٰہی کو بھی قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
کیا عمران خان اپوزیشن کو سرپرائز دے سکتے ہیں؟
یہ صورت حال عمران خان کو پہلی دفعہ درپیش آئی ہے کہ انہیں اپنا اقتدار بچانے کے لیے بیک وقت کئی محاذوں پر لڑنا پڑ رہا ہے۔ اس صورت حال میں وہ کیا کر سکتے ہیں اور کیا وہ اب بھی اپوزیشن کو سرپرائز دینے کی پوزیشن میں ہیں؟
اس حوالے سے تجزیہ کار رسول بخش رئیس نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ’اس وقت لگ نہیں رہا کہ عمران خان اپوزیشن کو سرپرائز دینے کے قابل رہے ہیں۔ عمران خان کے اقتدار میں رہنے کا ایک ہی طریقہ ہے بچ گیا ہے کہ وہ جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کو اپنے ساتھ رکھیں۔
کیونکہ نہ صرف پنجاب بلکہ وفاق میں بھی اب یہ واضح ہو رہا ہے کہ تحریک انصاف کے اپنے ارکان اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا ساتھ دیں گے۔‘

عمران خان کے پاس آپشنز کیا ہیں؟
عمران خان نے بحیثیت اپوزیشن رہنما مسلم لیگ ن کی حکومت بالخصوص وزیر اعظم نواز شریف کو مسلسل دباو میں رکھا تھا، لیکن وہ اس کے باوجود ان کا استعفیٰ لینے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے تو کیا اب اپوزیشن انہیں استعفیٰ لینے پر مجبور کر سکتی ہے؟
صحافی و تجزیہ کار طلعت حسین نے اردو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ’وزیراعظم کے پاس موجودہ صورت حال سے نکلنے کا سادہ راستہ یہ ہے کہ اپنے اتحادیوں اور اپنے ارکان کو راضی کریں اور انہیں اپنے ساتھ رکھیں۔ لیکن علیم خان کی پریس کانفرنس کے بعد یہ راستہ سادہ اور آسان نہیں رہا کیونکہ علیم خان نے عملی طور پر کشتیاں جلا دی ہیں۔‘
ان کے مطابق ’دوسرا راستہ یہ ہے کہ عمران خان اپنے اتحادیوں چوہدری برادران کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے دے کر عثمان بزدار کی قربانی دے دیں، لیکن اس کے لیے بھی انہیں جہانگیر ترین گروپ کی حمایت حاصل کرنا ہوگی اور اس کے ساتھ ساتھ وفاق میں ایم کیو ایم کو بھی سنبھال کر رکھنا ہوگا۔‘
طلعت حسین کے مطابق ’یہ تمام اقدامات اٹھا لینے کے باوجود فلور کراسنگ کے امکانات موجود ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’عمران خان اتنی مشکل صورت حال کے باوجود استعفیٰ نہیں دیں گے بلکہ تحریک عدم اعتماد کا سامنا کریں گے چاہے اس کا نتیجہ کچھ بھی نکلے۔‘
عمران خان نے نواز حکومت کو کیسے دباو میں رکھا تھا؟
14 اگست 2014 کو لاہور سے آزادی مارچ شروع کیا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ وہ اسلام آباد پہنچ کر پاکستان کی تاریخ کا طویل ترین دھرنا دے کر دو تہائی اکثریت رکھنے والی حکومت کو عملی طور پر جام کرکے رکھ دیں گے۔
