سعودی کے نام پر کاروبار، بنگلہ دیشی باشندے کو سزا، مملکت سے بے دخلی
سبزی کا کاروبار کرنے والے بنگلہ دیشی کی گاڑی سے تین لاکھ ریال برآمد ہوئے( سبق)
سعودی وزارت تجارت نے ریاض میں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہری اور مقیم غیرملکی کے خلاف قانونی کارروائی کی ہے۔
مملکت میں مقیم بنگلہ دیشی شہری سعودی کے نام سے سبزی کا کاروبار کررہا تھا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ ’تجارتی پردہ پوشی کا اس وقت پتہ چلاجب بنگلہ دیشی کی گاڑی سے تین لاکھ ریال برآمد ہوئے‘۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ’ بنگلہ دیشی شہری مملکت میں کولڈ سٹوریج ٹیکنیشن کے ویزے پر ہے۔ اس نے تسلیم کیا ہے کہ گاڑی سے ملنے والے تین لاکھ اسے جنوبی ریاض کی العزیزیہ سبزی منڈی میں سبزیوں کے کاروبار سے منافع کی شکل میں حاصل ہوئے ہیں‘۔
بنگلہ دیشی شہری نے بتایا کہ ’العزیزیہ میں سبزی منڈی سے سبزیاں تھوک میں خرید کر روزانہ کی بنیاد پرالشرقیہ ریجن پہنچا رہا تھا۔ مقامی شہری اسے اپنے نام سے کاروبار کرا رہا تھا‘۔
’سعودی کے حوالے سے یہ بات بھی ریکارڈ پر آئی ہے کہ اس کے دو تجارتی ادارے تھے۔ ان میں سے ایک سبزی فروشی اور دوسرا پلمبنگ اور الیکٹرک آلات کے کاروبار سے متعلق تھا۔ ان اداروں میں سے کسی کو سبزیوں کے تھوک کے کاروبار کی اجازت نہیں تھی‘۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ ’اس بات کے ثبوت ملے ہیں کہ بنگلہ دیشی شہری سعودی کے نام سے جو کاروبار کررہا تھا وہ اس کا اپنا تھا۔ ثبوت ملنے پر معاملہ پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا‘۔
عدالت نے ٹھوس ثبوت ملنے پرانسداد تجارتی پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی پر دونوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
ریاض میں فوجداری کی عدالت نے بنگلہ دیشی اورسعودی دونوں کو تجارتی پردہ پوشی کے جرم کا مرتکب قرار دیا ہے۔
بنگلہ دیشی کو پانچ ماہ قید اوراسے مملکت سے بے دخل کرنے کا حکم دیا گیا۔ بلیک لسٹ کردیا گیا اورآئندہ وہ مملکت نہیں آسکے گا۔
عدالت نے دونوں پر 80،80 ہزار ریال کے جرمانے اور ان کے خرچ پرتشہیر کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
عدالت نے کاروبار بند کرنے اور کمرشل رجسٹریشن ختم کرکے مقامی شہری سے زکوۃ فیس اور ٹیکس وصولی کے احکام بھی دیے ہیں۔