امیتابھ کے والدین نے پہلے ان کا نام انقلاب رکھا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ایسے درجنوں اداکار ہیں جن کے نام تو بہت بڑے ہیں لیکن یہ ان کے اصلی نام نہیں ہیں۔
دنیا بھر میں اداکار اکثر شوبز انڈسٹری میں داخل ہونے کے بعد اپنے نام تبدیل کر لیتے ہیں۔ آئیے آپ کو انڈیا کے ایسے بڑے سٹارز کے بارے میں بتاتے ہیں جن کے اصلی نام شاید آپ نہ جانتے ہوں۔
امیتابھ بچن
بالی وڈ میں ’اینگری ینگ مین‘ کے نام سے مشہور امیتابھ بچن کے والدین نے بچپن میں ان کا نام ’انقلاب شریواستو‘ رکھ دیا تھا، تاہم پھر ان کے والدین نے کچھ عرصے بعد ان کا نام تبدیل کرکے امیتابھ رکھ دیا۔
رجنی کانت
رجنی کانت انڈیا کے ایک اور بڑے سٹار ہیں جن کا اصل نام شواجی گائیکواڈ تھا لیکن پھر انہوں نے مشہور ہدایتکار بالاچندر کے کہنے پر اپنا نام تبدیل کرکے رجنی کانت رکھ لیا۔
کمل ہاسن کا شمار انڈیا کے بڑے ورسٹائل اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انڈین ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کا اصلی نام پارتھاسارتھی سرینواسن تھا۔
دیو آنند
آنجہانی انڈین اداکار دیو آنند کا اصلی نام دیو دتا پشوریمل تھا اور انہیں دھرم دیو آنند کے نام سے بھی پکارا جاتا تھا۔ جبکہ ان کے دوست انہیں ’چڑو‘ کے نام سے پکارا کرتے تھے۔
شمی کپور
اپنے دور کے مشہور رومانوی اداکار شمی کپور کا اصل نام شمشیر راج کپور تھا۔ ان کے خاندان کا تعلق پاکستان کے شہر پشاور سے تھا اور انہیں ان کی زندہ دلی کی وجہ سے انڈٰیا کا ایلوس پریسلے کہا جاتا تھا۔
راجیش کھنہ
راجیش کھنہ ایک اور انڈین اداکار ہیں جنہوں نے تقریباً تین دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کیا۔ راجیش کھنہ کا اصلی نام جتن کھنہ تھا لیکن جب وہ فلم انڈسٹری میں داخل ہوئے تو ان کے انکل کے کے تلوار نے ان کا نام تبدیل کردیا۔
سنی لیون
کینیڈین انڈین خاندان میں پیدا ہونے والی اداکارہ سنی لیون کا اصلی نام کرنجیت کور ہے۔ ان کا فلمی نام سنی دراصل ان کے بھائی کا اصل نام ہے۔
دلیپ کمار
پاکستان کے شہر پشاور میں پیدا ہونے والے انڈین سپر سٹار دلیپ کمار کا اصلی نام یوسف خان تھا۔ دلیپ کمار پچھلے برس جولائی کے مہینے میں انتقال کرگئے تھے۔
اکشے کمار
بالی وڈ میں ’خطروں کے کھلاڑی‘ کے نام سے مشہور اکشے کمار کا اصلی نامی راجیو اوم بھاٹیا ہے۔ اکشے کمار کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ان کی پہلی فلم ’آج‘ میں فلم کے مرکزی کردار کمار گورو کا نام ’اکشے‘ تھا۔