سنی لیونی کا بچوں کے ساتھ پینٹنگ سیشن
سنی لیون جلد ہی مزاح پر مبنی ڈراؤنی فلم ’کوکا کولا‘ میں نظر آئیں گی۔ فوٹو:اے ایف پی
سنی لیونی جو بالی وڈ میں اپنے آپ کو منوانے کے بعد اب تامل فلموں میں اپنی قسمت آزمانے کے لیے تیار ہیں، آج کل اپنے بچوں کے ساتھ بہترین وقت گزار رہی ہیں۔
سنی لیونی تین بچوں نشا، نواہ اور اشعر کی ماں ہیں اور وہ اکثر اوقات ہی سوشل میڈیا پر ان کے ساتھ اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔
جمعرات کو بھی سنی لیونی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ پینٹنگ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا ’آج سے ایک نئی پینٹنگ بنانا شروع کی ہے اور سب سے بہترین بات یہ ہے کہ میرے بچے بھی پینٹنگ کررہے ہیں۔ میں امید کرتی ہوں کہ یہ کبھی نہیں بدلے۔‘
یاد رہے کہ سنی لیونی اور ان کے شوہر ڈینئل ویبر نے باہمی رضامندی سے ایک یتیم بچی گود لی تھی جس کانام نشا کور رکھا گیا تھا جس کے بعد ان دونوں نے بچے گود لینے کےبجائے سروگیسی کے ذریعے دنیا میں لانے کا فیصلہ کیا جس کی تصدیق سنی لیونی نے ٹوئٹر پر کی تھی۔
فلم انڈسٹری میں اداکاری کرنے سے پہلے سنی لیونی نے ٹی وی پر نشر ہونے والے مقبول ترین شو ’بگ باس‘ میں حصہ لیا تھا جس کے بعد انھوں نے بالی وڈ کا سفر شروع کیا۔
سنی لیونی نے فلم ’جسم 2‘ سے بالی وڈ فلم انڈسٹری میں قدم رکھا، ان کی فلم ’جیک پاٹ‘ تو فلاپ ہوگئی مگر ’راگنی ایم ایم ایس 2‘ نے اچھا بزنس کیا اور اس فلم کے آئٹم نمبر ’بے بی ڈال‘ سے انہیں بالی وڈ میں کافی مقبولیت ملی۔ سنی لیونی اپنی اداکاری سے زيادہ اپنے آئٹم سانگز کے لیے مقبول ہیں۔
اور اب سنی لیونی جلد ہی مزاح پر مبنی ڈراؤنی فلم ’کوکا کولا‘ میں نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ اداکارہ تامل فلم ’ویرامادیوی‘ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔