غیر قانونی تارکین کو سفر کی سہولت فراہم کرنے پر سعودی شہری گرفتار
سعودی شہری کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں عسیر پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ’ الشرق سیکٹر کی سپیشل فورس نے ایتھوپیا اور صومالیہ کے 6 دراندازوں کو سفر کی سہولت فراہم کرنے پرایک سعودی شہری کو گرفتار کیا ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عسیر پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ’ مقامی شہری کے قبضے سے ہتھیار اور کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والے چھ غیرملکیوں کو خلاف قانون سفر کی سہولت فراہم کی تھی‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ غیر قانونی تارکین کو حراست میں لےکر قانونی کارروائی کرنے کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا جبکہ سعودی شہری کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے‘۔
پولیس ترجمان نے انتباہ کیا کہ’ جو بھی سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مملکت میں داخل ہونے یا اندرون ملک سفر کی سہولت فراہم کرے گا، رہائش کا بندوبست کرے گا یا کسی بھی صورت میں ان کی کوئی مدد کرے گا اسے پندرہ برس تک قید اور دس لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہوگی۔ ٹرانسپورٹ اور مکان ضبط کر کرنے کے ساتھ ذرائع ابلاغ میں تشہیر بھی ہوگی‘۔