Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں منگل سے درجہ حرارت میں کمی اور گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان

گرد آلود طوفان کے باعث حد نظر محدود یا بالکل ختم ہوجائے گی(فوٹو عرب نیوز)
سعودی محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’منگل 15 مارچ سے آئندہ جمعے تک درجہ حرارت میں مسلسل کمی ہونے کا امکان ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز نے رپورٹ میں کہا کہ ’تبوک، حدود شمالیہ، حائل اور الجوف ریجنوں کے مختلف مقامات پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے تین ڈگری نیچے ہوگا‘۔
’اس کے اثرات قصیم، الشرقیہ اور ریاض تک پھیل جائیں گے جہاں کم از کم درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک ہونے کا امکان ہے‘۔
موسمیات کے قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ’ منگل سے مکہ مکرمہ، تبوک، مدینہ منورہ، الجوف، حائل، حدود شمالیہ اور القصیم ریجنوں میں گردو غبار کے ساتھ  تیز ہوائیں چلیں گی۔ بدھ اور جمعرات کو الشرقیہ اور ریاض ریجنوں میں گرد آلود ہوائیں شدت اختیار کرسکتی ہیں‘۔ 
قومی مرکز نے بتایا کہ ’ہوا کی فی گھنٹہ رفتار  50 کلو میٹرسے زیادہ ہوگی۔ بعض اوقات گرد آلود طوفان کے باعث حد نظر محدود یا بالکل ختم ہوجائے گی‘۔
’جمعرات اور جمعے کو مکہ مکرمہ اور نجران ریجن بھی گرد آلود ہواؤں کے طوفان کی زد میں ہوں گے۔ عسیر اور باحہ ریجنوں کے مشرقی علاقوں میں بھی گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے‘۔

شیئر: