Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی نیپالی قیادت سے ملاقاتیں، معاہدے پر دستخط

شاہ سلمان اور ولی عہد کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو کھٹمنڈو میں نیپال کے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نیپال کی صدر بدھیا دیوی بھنڈاری سے ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے  نیپال کی حکومت اور عوام کے لیے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے ہیں۔
انہوں نے نیپال کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے حوالے سے بھی پیغام بھی دیا ہے۔

علاقائی و بین الاقوامی حالات اور مسائل پربھی تبادلہ خیال ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)

نیپالی صدر نے شاہ سلمان، ولی عہد اور سعودی عوام و حکومت کے لیے خیر سگالی کا جوابی پیغام سعودی وزیر خارجہ کے حوالے کیا ہے۔
ملاقات میں نیپال اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات اور انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی حالات اور مسائل پربھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ 
اس موقع پر نیپال میں متعین سعودی سفیر مساعد بن سلیمان المروانی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔ 
نیپالی وزیراعظم شیر بہادر دیوبا سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

 تعلقات جدید خطوط پر استوار کرنے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا( فوٹو ایس پی اے)

دونوں ملکوں کے درمیان ہر سطح پر یکجہتی پیدا کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ باہمی دلچسپی کے علاقائی  و بین الاقوامی اہم امور بھی زیر بحث آئے ہیں۔ 
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ  شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیپالی ہم منصب سے ملاقات میں متعدد شعبوں میں یکجہتی بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی عرب اور نیپال کے درمیان تعاون کا جنرل معاہدہ طے پایا ہے۔مملکت کی جانب سے شہزادہ فیصل بن فرحان اور نیپالی وزیر خارجہ نے دستخط کیے۔ 
نیپالی وزیر خارجہ نے سعودی وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں سعودی سفیر مساعد المروانی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود شریک ہوئے۔ 

شیئر: