سعودی ولی عہد سے بورس جانسن کی ملاقات، یوکرین کی صورتحال پر گفتگو
سعودی ولی عہد سے بورس جانسن کی ملاقات، یوکرین کی صورتحال پر گفتگو
بدھ 16 مارچ 2022 17:20
ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے قصر یمامہ میں ملاقات کی۔
بدھ کو سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ابتدائی ملاقات کے بعد سرکاری مذاکرات کیے جس میں سعودی عرب اور برطانیہ کے دوستانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ یوکرین کے حالات خاص طور پر زیر بحث آئے۔
اجلاس میں ولی عہد کی معاونت کے لیے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، برطانیہ میں متعین سعودی سفیر شہزادہ خالد بن بندر، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد اور وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز موجود تھے۔
اس کے علاوہ وزیر نیشنل گارڈز شہزادہ عبداللہ بن بندر، نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و رکن کابینہ و مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی اور وزیر مواصلات عبداللہ السواحہ بھی مذاکرات میں شریک تھے۔
برطانوی وزیراعظم کی معاونت کے لیے وزیر سرمایہ کاری، مملکت میں متعین برطانوی سفیر، پرسنل سیکریٹری، نائب مشیر برائے قومی سلامتی، سیکریٹری صحافتی امور اور خارجہ پالیسی کے مشیر شریک رہے۔
بعد ازاں سعودی برطانوی سٹریٹجک شراکت کونسل کا اجلا س ہوا جس میں سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان سٹریٹجک شراکتی کونسل کی تشکیل کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
مملکت کی جانب سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برطانیہ کی جانب سے وزیراعظم بورس جانسن نے دستخط کیے۔
سٹریٹجک شراکتی کونسل کے اجلاس میں وزیر توانائی سمیت متعدد وزرا اور اہم عہدیدار شریک ہوئے۔
قبال ازیں برطانوی وزیراعظم بورس جانس بدھ کو سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے تو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز نے ان کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن بدر بن عبدالعزیز، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد العبیان، شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز بن عیاف، ریاض میں برطانوی سفیر نیل کرومپٹن اور ڈائریکٹر ریاض پولیس میجر جنرل فہد المیطیری بھی موجود تھے۔