’جان نکل جاتی تھی‘ اکشے کمار کو کس چیز نے پریشان کیے رکھا؟
بچن پانڈے میں اکشے کمار نے لینز لگائے ہیں (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
بالی وڈ کے اداکار اکشے کمار کو پچھلے دنوں کچھ ایسی صورت حال کا سامنا رہا جس کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ ’میری جان ہی نکل جاتی تھی۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق اکشے کمار، جن کی کچھ عرصہ قبل ہی فلم بچن پانڈے ریلیز ہوئی ہے، نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ چونکہ اس فلم میں ان کا کردار ماضی کی فلموں سے ہٹ کر رہے اس لیے انہیں ایک خاص گیٹ اپ میں ڈھالا جاتا جس میں باقی باتیں تو اپنی جگہ لیکن ایک مرحلہ ایسا ہوتا تھا جس سے ڈر لگتا تھا۔
اکشے کمار کا مزید کہنا تھا کہ کردار کے لیے ان کو مخصوص شیڈ کے لینز لگانا پڑتے تھے جو ان کے مطابق آسان نہیں تھا۔
ان کے بقول ’جب لینز لگانے کا مرحلہ آتا تو سوچ کر ہی جان نکل جاتی تھی، اور جب حقیقت میں لگائے جاتے تو بات اس سے بھی آگے بڑھ جاتی تھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ وہ خود ان کو اپنی آنکھوں میں فٹ نہیں کر سکتے تھے، وہ کافی بڑے لینز تھے، یہ لگانے کے بعد مجھے کچھ دیر تک چیزیں دھندلی نظر آتیں اور جب آئینہ دیکھتا تو لگتا تھا کوئی اور کھڑا ہے۔
اکشے کمار نے بتایا کہ پہلے روز لینز فکس کرنے میں 15 منٹ لگے، بعد میں دو تین منٹ ہی لگتے تھے لیکن وہ اس کے بعد کے مرحلے مشکل ہوتے تھے۔
بچن پانڈے 2014 میں بننے والی تامل فلم ویرام کا ری میک ہے۔ فل میں اکشے کمار نے گینگسٹر کا کردار ادا کیا ہے، اس میں کریتی سینان اور ارشد وارثی نے بھی کردار نبھائے ہیں۔ بچن پانڈے 18 مارچ کو ریلیز ہوئی اور اس کے بارے میں ملے جلے تاثرات سامنے آ رہے ہیں۔