کریتی سینون کی ’فٹنس کے لیے‘ ہریتک روشن نے کیا تحفہ دیا؟
کریتی سینون ان دنوں ایک بار پھر سے اپنی ’سلم اینڈ سمارٹ لُک‘ کے لیے کافی محنت کر رہی ہیں (فوٹو: کریتی سینون انسٹاگرام)
کریتی سینون اپنی ’سمارٹ لُک‘ اور تیکھے نین نقش کی وجہ سے بالی وڈ میں مختصر عرصے میں ہی اپنی شناخت بنا چکی ہیں۔ اداکاری کی بات کی جائے تو حال ہی میں نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والی فلم ’میمی‘ میں کریتی کی اداکاری کے خوب چرچے ہیں۔
اس فلم کے لیے انہوں نے کافی وزن بھی بڑھایا تھا اور اب وہ ایک بار پھر سے اپنی ’سلم اینڈ سمارٹ لُک‘ کے لیے کافی محنت کر رہی ہیں جس کا اندازہ ان کی سوشل میڈیا پوسٹس سے ہوتا ہے جن میں کبھی وہ جم میں مختلف مشینوں کے ساتھ ورزش کرتی نظر آتی ہیں تو کبھی یوگا۔
کریتی کی اس لگن سے متاثر ہو کر بالی وڈ کے ’ڈانس ماسٹر‘ ہریتک روشن نے انہیں ایک بائی سائیکل تحفے میں دی ہے جس کی تصویر کریتی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنت پر شیئر کر کے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے تصویر کے ساتھ لکھا کہ ’یہ ایک بڑا تحفہ ہے، مجھے فٹ رہنے کی ترغیب دینے کا شکریہ۔‘
کریتی سینون کی کئی فلمیں اس وقت پائپ لائن میں ہیں، ورون دھاون کے ساتھ کامیڈی فلم ‘بھیدیا‘ کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ وہ اکشے کمار کے ساتھ فلم ’بچن پانڈے‘ میں بھی نظر آئیں گی جبکہ ’ہم دو ہمارے دو‘ میں بھی کریتی سینون مرکزی کردار نبھائیں گی۔
ہریتک روشن سدھارتھ آنند کی فلم ’فائٹر‘ میں اِن ایکشن ہوں گے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ انڈیا کی بڑے بجٹ کی ایکشن فلم ہوگی جس میں دیپکا پاڈوکون کو بھی کاسٹ کیا گیا ہے۔