Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوک سٹوڈیو سیزن 14 کے آخری گانے ’پھر ملیں گے پر افسردہ ہوگیا ہوں‘

کوک سٹوڈیو سیزن 14 شروع سے ہی پاکستان سمیت دنیا بھر میں سننے والوں کی طرف سے منفرد موسیقی اور بڑے گلوکاروں کی وجہ سے خوب پسند کیا گیا۔
’تو جُھوم‘ سے شروع ہونے والا کوک سٹوڈیو کا 14 واں سیزن منگل کو اپنے آخری گانے ’پھر ملیں گے‘ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ 
سوشل میڈیا پر کوک سٹوڈیو کے گذشتہ تمام گانوں سمیت اس سیزن کے آخری گانے ’پھر ملیں گے‘ کو سراہا جارہا ہے۔ جہاں سوشل میڈیا صارفین کوک سٹوڈیو کے گانوں کے حوالے سے مختلف تبصرے کررہے ہیں وہیں کوک سٹوڈیو کے اس سیزن کے ختم ہونے پر افسردہ بھی دکھائی دیتے ہیں۔
کوک سٹوڈیو کے آخری گانے ’پھر ملیں گے‘ کے حوالے سے کچھ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وہ فیصل کپاڈیا اور ینگ سٹنرز کو ساتھ ہی دیکھنا چاہتے تھے تو کچھ نے اسے کوک سٹوڈیو کے اب تک کے تمام گانوں سے اچھا کہا۔
یاد رہے کہ سٹرنگز بینڈ سے علیحدگی کے بعد ’پھر ملیں گے‘ فیصل کپاڈیا کا پہلا گانا ہے۔
 
سوشل میڈیا پر کوک سٹوڈیو کے سیزن 14 کے ختم ہونے پر سننے والوں کی طرف سے مختلف اور دلچسپ تبصرے بھی سامنے آرہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارف نواز ملک نے کوک سٹوڈیو کے حوالے سے لکھا کہ ’کوک سٹوڈیو کے سیزن کو فیصل کپاڈیا کے گانے پر کامیابی کے ساتھ ختم کرنے سے بہتر کچھ نہیں ہے۔‘
 کوک سٹوڈیو کے پروڈیوسر ذوالفقار خان زلفی کو مخاطب کرتے ہوئے پوری ٹیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’ ویل ڈن زلفی، آپ نے کوک سٹوڈیو کو مکمل طور پر نئے انداز میں پیش کیا۔‘
ٹوئٹر یوزر زہرا کوکٹ سٹوڈیو کے آخری گانے کے بول لکھتی ہیں کہ ’کہانی کہاں ختم ہوتی ہے، پھر ملیں گے کبھی اجنبی کی طرح۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’گانا اچھا ہے شروعات میں ریپ اچھا نہیں لگا لیکن دوبارہ سننا اچھا لگا۔‘
 
سوشل میڈیا صارف منیب یوسف لکھتے ہیں کہ ’کوک سٹوڈیو کا 14 واں سیزن ختم ہونے پر میں افسردہ ہوگیا ہوں۔ کوک سٹوڈیو کا یہ سیزن اپنے آخری گانے ’پھر ملیں گے‘ کے ساتھ ختم ہوگیا ہے۔ اس سیزن سے جُڑی بہت سی چیزیں یاد ہیں، یقیناً یاد آئیں گی۔‘
 
فضہ قاسم لکھتی ہیں کہ ’میں خوش بھی ہوں اور افسردہ بھی۔ خوش اس لیے کہ مجھے یہ گانا سننے کا موقعہ ملا اور افسردہ اس لیے کہ کوک سٹوڈیو کا 14 واں سیزن ختم ہوگیا۔‘
 
پنجابی گانے ’پسوڑی‘ اور ’تُو جھوم‘ کوک سٹوڈیو کے 14 ویں سیزن کے سب سے زیادہ سننے جانے والے گانے ہیں البتہ بلوچی گانا ’کنا یاری‘ کو بھی بہت پسند کیا گیا ہے۔

شیئر: