Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوک سٹوڈیو میں عابدہ پروین اور نصیبو لعل کا 'تُو جھوم'

عابدہ پروین اور نصیبو لال پہلی مرتبہ کسی گانے میں ایک ساتھ نظر آئیں (فائل فوٹو: کوک سٹوڈیو)
کوک سٹوڈیو نے اپنے 14 ویں سیزن کا آغاز کردیا ہے۔
نامور صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور پنجابی گانوں سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکارہ نصیبو لعل کے گائے گئے گانے 'تُو جُھوم' سے کوک سٹوڈیو کے 14 ویں سیزن کا آغاز ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس گیت نے سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔
عابدہ پروین کا کہنا ہے کہ زلفی نے ایک بہت مفرد گانا تیار کیا ہے جبکہ نصیبو لعل نے کہا کہ وہ دوسری بار مختلف انداز میں کوک سٹوڈیو واپس آئی ہیں۔
'تو جھوم' کی موسیقی ذوالفقار جبار خان المعروف زُلفی نے ترتیب دی ہے جو روحیل حیات کی جگہ گذشتہ برس کوک سٹوڈیو سے بطور پروڈیوسر وابستہ ہوئے۔
زلفی کا کہنا ہے کہ 'میں ہمیشہ حیرت کا عنصر لانا چاہتا ہوں، متوقع چیزوں کی زندگی مختصر ہوتی ہے۔'
ایسوسی ایٹ پروڈیوسر عبداللہ صدیقی کہتے ہیں کہ یہ گانا روایتی آوازوں کا ایک بہترین امتزاج ہے۔
اس گانے کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب عابدہ پروین سٹوڈیو آئیں تو اس وقت نصیبو لعل ریہرسل کر رہی تھیں۔
عابدہ پروین سٹوڈیو پہنچیں تو نصیبو لعل کو کھڑا ہونے سے منع کیا تاہم نصیبو لعل یہ کہتے ہوئے کھڑی ہوگئیں کہ 'مجھے اچھا نہیں لگتا'، پھر وہ عابدہ پروین سے گلے ملیں، ان سے ہاتھ ملایا اور ان کے گھٹنوں کو بھی چھوا۔
امریکہ میں رہائش پذیر ٹوئٹر صارف سعدیہ احمد نے 'تو جھوم' کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کیا شروعات ہے، کیا خوب صورت جوڑی ہے۔ دو شاندار گلوکارائیں، یہ بہت ہی حیرت انگیز ہے۔
شائقین کو دو گلوکاروں کا ایک ساتھ گایا گیا یہ گانا اس قدر بھایا کہ دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
اینکرپرسن سعدیہ افضال نے عابدہ پروین اور نصیبو  لعل کی ملاقات کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'جب دو لیجنڈز ملتے ہیں۔'
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ 'عاجزی اور انکساری اس طرح کی ہوتی ہے۔'
ٹوئٹر صارف اویس کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ عابدہ پروین اور نصیبو لعل ایک ساتھ نظر آئیں گی۔
زلفی کوک سٹوڈیو سیزن 14 کی پہلی ویڈیو دیکھنے کے بعد اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے۔ اسی حوالے سے ٹوئٹر صارف ساگر سوہندرو نے ایک ویڈیو شیئر کی۔
کوک سٹوڈیو کے 14 ہویں سیزن میں عابدہ پروین اور نصیبو لعل کے علاوہ عاطف اسلم، مومنہ مستحسن، میشا شفیع اور دیگر گلوکار بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔
کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا دوسرا گانا 21 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔

شیئر: