’عرب وویمن آف دی ایئر‘ ایوارڈ جیتنے والی لڑکی کی شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف
’عرب وویمن آف دی ایئر‘ ایوارڈ جیتنے والی لڑکی کی شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف
جمعرات 24 مارچ 2022 21:46
لندن عربیہ کے سی ای او عمر بدور نے کہا کہ ’ہم عرب دنیا میں نوجوان لڑکیوں کے مستقبل کو کھولنے پر یقین رکھتے ہیں۔‘ (فوٹو: عرب نیوز)
عرب وویمن آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والی 20 سالہ لڑکی نے خواتین کے حقوق کی حمایت کرنے پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یمن کی انسانی حقوق کی کارکن ندى الاحدل، جو 10 سال کی عمر میں دو مختلف بچپن کی شادیوں سے بچ گئی تھیں، نے اپنا سماجی آگاہی کے حوالے سے حاصل کردہ ایوارڈ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے نام کر دیا۔
انہوں نے مختصر عرصے میں بڑی تبدیلیاں لانے میں مدد کرنے پر ولی عہد کی تعریف بھی کی۔
ندى الاحدل نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’دوسروں پر اثر انداز ہونے کی طاقت کے باوجود ہم آگاہی پھیلانے کے لیے برسوں سے کام کر رہے ہیں جبکہ وہ (ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان) یہ ایک فیصلے سے کر لیتے ہیں۔‘
’یہ صرف ایک فیصلہ ہے، انہوں نے سعودی عرب میں لاکھوں جانیں بچائیں اور ہمیں واقعی اس کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اپنے گھر سے 11 سال کی عمر میں بھاگنے کے بعد وہ خوش قسمت تھیں کہ ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کی وجہ سے یمنی حکومت ان کی حفاظت کرنے پر مجبور ہوگئی۔
الاحدال نے بتایا کہ یمن میں لڑکیوں کو کم عمری کی شادیوں سے بچانے کے لیے کوئی قانون موجود نہیں تھا لیکن ان کے کیس کی آن لائن تشہیر کے بعد یمنی حکومت نے 18 سال سے کم عمر لڑکیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی۔
خیال رہے کہ اس سال کی ایوارڈز کی تقریب لندن کے کارلٹن ٹاور جمیرہ ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس کا عنوان تھا ’اس کا مستقبل کھولو‘ جو ایونٹ آرگنائزر لندن عربیہ کی طرف سے شروع کیا گیا ایک نیا اقدام ہے۔
تقریب کے حوالے سے لندن عربیہ کے سی ای او عمر بدور نے کہا کہ ’ہم عرب دنیا میں نوجوان لڑکیوں کے مستقبل کو کھولنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم عرب دنیا میں ہر مرد اور عورت پر مستقبل کے نئے در کھول سکتے ہیں۔ ہم بہتر مستقبل کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے اگر نوجوان لڑکیاں اپنا راستہ تلاش نہ کر سکیں۔‘