رمضان سے قبل عربی قہوے اور مصالحہ جات مہنگے ہو گئے
مصالحے کے نرخ پانچ سے چھ فیصد اور قہوے کی قیمت 30 فیصد تک بڑھی ہے( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں رمضان کے دوران عربی قہوے کا رواج بڑھ جاتا ہے جبکہ انواع و اقسام کھانوں کی تیاری کے لیے مصالحہ جات کی طلب میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس سال بھی رمضان سے قبل عربی قہوے اور مصالحہ جات مہنگے ہو گئے ہیں۔
الوطن اخبار کے مطابق مصالحہ اور قہوے کی دکانوں نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی طرف سے طلب بڑھ جانے پر نرخوں میں اضافہ کیا ہے۔ مصالحے کے نرخ پانچ سے چھ فیصد اور قہوے کی قیمت 30 فیصد تک بڑھی ہے۔
ایک دکاندارعلی عبدو حسین نے اس حوالے سے بتایا کہ ہرسال رمضان سے چند روزقبل صارفین کا رش بڑھ جاتا ہے۔ بیشتر افراد کبسہ اور شوربے میں استعمال ہونے والے مصالحے خریدتے ہیں۔ شعبان میں بیشتر دکاندار قہوے اور مصالحے کی قیمتیں بڑھا دیتے ہیں۔
ایک اوردکاندار کا کہنا تھا کہ ہر دکان پر قیمتوں میں اضافہ یکساں نہیں۔ بعض نے پانچ فیصد اوردیگر نے چھ فیصد تک قیمتییں بڑھائی ہیں۔