پاکستان کی حملوں کی مذمت ’سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں‘
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا ہے (فائل فوٹو: دفتر خارجہ)
پاکستان نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے شہر جدہ میں تیل کی تنصیبات اور دوسرے شہروں میں انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے کیے جانے والے میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جن کو سعودی ایئر ڈیفنس نے کامیابی کے ساتھ ناکام بنایا۔
سنیچر کی صبح پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان ایسے حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور سعودی عرب کے علاوہ پورے خطے کی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔‘
بیان میں ایک بار پھر زور دے کر دُہرایا گیا ہے کہ ’پاکستان برادر سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے اور اس کی خود مختاری و علاقائی سالمیت کو لاحق خطرے کے خلاف مملکت کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
خیال رہے کہ جمعے کو شام جدہ شہر میں آرامکو پیٹرولیم مصنوعات کے ڈسٹری بیوشن سٹیشن پر حملہ کیا گیا۔
اس کے بعد عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئرترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ حوثیوں نے کیا ہے۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ ’حملے سے دو ٹینکوں میں آگ لگ گئی جس پر قابو پا لیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’حوثی ملیشیا سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اس کا سارا زور تیل کی رسد اور عالمی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی پر اثر انداز ہونا ہے۔‘
عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ ’جمعے کو ہونے والے حوثیوں کے حملوں سے جدہ شہر کی معمول کی زندگی متاثر ہوئی اور نہ ان حملوں سے کوئی فرق پڑا۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی حوثیوں نے جدہ میں آرامکو کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کے ایک ڈسٹری بیوشن سٹیشن پرحملہ کیا تھا۔
قبل ازیں عرب اتحاد نے کہا تھا کہ ’سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے جمعے کو حوثیوں کے 16 حملے ناکام بنائے ہیں، ڈرونز اور بیسلٹک میزائل تباہ کردیے گئے۔‘