Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز، آسٹریلیا کے مچل مارش بھی انجری کا شکار

آسٹریلوی کپتان کے مطابق ’اتوار کو فیلڈنگ ڈرل کے دوران مشیل کے کولہے کے پٹھے زخمی ہوئے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان کے ساتھ ہونے والی ون ڈے سیریز سے قبل آسٹریلیا کو ایک اور دھچکا لگا ہے اور آل راؤنڈر مچل مارش بھی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ سیریز 13 ٹیموں کی ون ڈے سپر لیگ کا حصہ ہے جس میں ہر میچ کے 10 پوائنٹس ہیں۔ ان میں سے ٹاپ سات ٹیمیں اگلے سال خود بخود ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیں گی۔
اس وقت آسٹریلیا کی ساتویں اور پاکستان کی دسویں پوزیشن ہے، جبکہ انڈیا پہلے ہی میزبان کے طور پر کوالیفائی کر چکا ہے۔
مختلف وجوہات کی بنا پر آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، پیٹ کمنز، مچل سٹارک، جوش ہیزل وڈ اور سٹیون سمتھ سیریز سے  باہر ہوچکے ہیں اور اب مچل مارش کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ 
پاکستان کے ساتھ کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ون ڈے سیریز سے باہر ہونے والے تمام پانچ کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔
کپتان ارون فینچ کو خدشہ ہے کہ مچل مارش ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔
’اتوار کو فیلڈنگ ڈرل کے دوران مچل کے کولہے کے پٹھے زخمی ہوئے۔ ہمیں انتظار کرنا اور دیکھنا ہے، لیکن جیسا وہ کل محسوس کر رہے تھے اسے دیکھتے ہوئے نہیں لگتا کہ وہ سیریز کھیل سکیں گے۔‘
آسٹریلوی کپتان کو امید ہے کہ نئے کھلاڑی سین ایبٹ، بین دواشیوس، نتھن ایلی، جوش انگلیس اور بین میکڈرموٹ تجربہ نہ ہونے کے باوجود اچھا کھیلیں گے۔
2002 سے اب تک پاکستان آسٹریلیا سے کوئی ایک روزہ میچز کی سریز نہیں جیت سکا ہے۔
پاکستان کے اوپنر فخر زمان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم اس سیریز سے 30 پوائنٹس حاصل کرنا چاہتی ہے۔
’ان کے بڑے کھلاڑی نہیں کھیل رہے اور اس سے فرق پڑتا ہے، لیکن وہ ایک انٹرنیشنل ٹیم ہے اور ہم اسے آسان ہدف کے طور پر نہیں لے سکتے، کیونکہ آسٹریلیا ہر قسم کے حالات میں کھیل سکتا ہے۔‘
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے منگل، دوسرا جمعرات اور تیسرا سنیچر کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: