حکومتی وفد کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات، ‘ایک دو دن میں فیصلہ کریں گے‘
حکومتی وفد کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ایک دو روز میں فیصلہ کرے گی اور اپوزیشن کو نیا سرپرائز ملے گا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی نے مہربانی کی ہے ایم کیو ایم بھی ہماری حلیف جماعت ہے۔ ’مل کر چلنے میں ہی ہماری بہتری ہے۔ ‘
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے اتحادیوں کے ساتھ رابطوں میں تیزی لاتے ہوئے حکومتی وفد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی قیادت میں اسلام آباد میں متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے ملاقات کی۔
حکومتی وفد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیردفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل پر مشتمل تھا۔
ایم کیوایم کے وفد میں ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، خواجہ اظہار الحسن، عامر خان، وسیم اختر، جاوید حنیف، اور صادق افتخار شامل تھے۔
مذاکرات میں پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان جاری مذاکرات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں شامل ایک حکومتی رہنما کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ ایم کیو ایم کو جہاں شہری سندھ کے مسائل کے حوالے سے کچھ یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں وہیں ایک مزید وزارت دینے کی پیش کش کی گئی ہے۔
’امید ہے کہ ایم کیو ایم ایک دو روز میں فیصلہ کرے گی اور اپوزیشن کو نیا سرپرائز ملے گا۔‘
اس ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 'ایم کیو ایم کے دوستوں کو قائل کرنے کی کوشش کی ہے۔ اتنا عرصہ اکٹھے چلتے آئے ہیں، آئندہ بھی چلیں گے۔ ایم کیو ایم ہماری حلیف ہیں ہمارے اور ان کے ساتھ آگے چلنے میں دونوں کے لئے بہتری ہے۔ ‘
انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو بتایا ہے کہ پرویز الٰہی صاحب نے مہربانی کی ہے اور تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ’وہ وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ دیں گے۔ انہیں وزارتِ اعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے ساتھ بات چیت ابھی جاری ہے۔ مذاکرات کا انجام اچھا ہوگا اور ہم مل کر چلیں گے۔ ‘
ایم کیوایم سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات
دوسری جانب سوموار کو رات گئے اپوزیشن کے وفد کی پارلیمنٹ لاجز میں ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔
اپوزیشن رہنماؤں میں خواجہ آصف، سعد رفیق، احسن اقبال، مراد علی شاہ،,مرتضیٰ وہاب اور دیگر شامل تھے۔ اپوزیشن کے وفد میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل بھی شامل تھے۔
ایم کیو ایم کے ترجمان کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے فیصلہ شہری سندھ اور عوامی مفاد میں رابطہ کمیٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔