پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب نامزد، ’باپ‘ کا اپوزیشن کی حمایت کا اعلان
پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب نامزد، ’باپ‘ کا اپوزیشن کی حمایت کا اعلان
پیر 28 مارچ 2022 16:50
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
بلوچستان عوامی پارٹی نے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سوموار کا دن اپوزیشن کی طرف سے حکومت کو پنجاب میں سرپرائز تحریک عدم اعتماد کی شکل میں شروع ہوا تھا مگر شام تک حکومت نے پنجاب ہی سے بڑا سرپرائز دیتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہی کو وزیراعلی نامزد کرکے ان کی جماعت کی حمایت حاصل کر لی ہے۔
سوموار کو وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کی ایک اچانک ملاقات کے بعد وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ٹویٹ میں تصدیق کی کہ وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الہی کو پنجاب کا اگلا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری طرف شام کو ہی اپوزیشن نے بھی ایک اور سرپرائز دے دیا جب بلوچستان سے حکومت کے اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیا۔
ادھر ق لیگ کے رکن اسمبلی اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے بھی پرویز الہی کی طرف سے حکومتی آفر قبول کرنے کے فیصلے کے بعد وزارت سے استعفی دے دیا ہے اور تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم کے خلاف ووٹ دینے کا فیصلہ کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے اپنے استعفیٰ کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ کسی صورت وزیراعظم کو ووٹ نہیں دیں گے اور ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کریں گے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ ’ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے۔ ق لیگ کا وزیراعظم پر اعتماد کا اظہاراور حمایت کا اعلان۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفی وزیر اعظم کو پیش کردیا۔‘
’باپ اپوزیشن کے ساتھ‘
بلوچستان عوامی پارٹی نے سوموار کی شام کو ایک پریس کانفرنس میں اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
باپ کے پارلیمانی لیڈر نوابزادہ خالد مگسی نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل لرحمان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنی حمایت ظاہر کی۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے بلوچستان عوامی پارٹی (بی پے اے) کے چار ایم این ایز کا اپوزیشن کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پیر کو اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ بی پی اے کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ’جلد از جلد شہباز شریف کو وزیراعظم بنائیں گے۔ آج کل عدم اعتماد کا موسم ہے۔‘
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عدم اعتماد پر ساتھ دینے پر بلوچستان کے اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی خالد مگسی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سارے معاملات مشاورت سے طے کیے ہیں۔
’ہم چاہتے ہیں نئے انداز میں ملک کو سنبھالا جائے۔‘
خالد مگسی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’انہیں موجودہ صورتحال میں اسٹبلیشمنٹ کا کوئی کردار نظر نہیں آتا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم بداخلاقی کے خلاف تھے اور ہم حکومتی غرور و تکبر کے ساتھ نہیں چل سکتے۔‘
باپ کے فیصلے نے ایک بار پھر سیاسی دنگل میں کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ باپ کے قومی اسمبلی میں پانچ ارکان ہیں جن میں وفاقی وزیر زبیدہ جلال بھی شامل ہیں۔ پریس کانفرنس میں باپ کے چار ارکان موجود تھے جن میں زبیدہ جلال شامل نہیں۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں باپ پارٹی کے پانچ ارکان اور اسی طرح ق لیگ کے بھی پانچ ارکان ہیں جن میں سے ایک نے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔