سعودی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوکر 11 فیصد رہ گئی
تیسری سہ ماہی کے آخر میں یہ شرح 11.3 فیصد تھی (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں بے روزگاری کی شرح کم ہورہی ہے۔ 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے آخر میں سعودی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح 11 فیصد رہ گئی۔ تیسری سہ ماہی کے آخر میں یہ شرح 11.3 فیصد تھی۔
الاقتصادیہ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بے روزگاری کی شرح کے حوالے سے جو ہدف مقرر کیا تھا وہ پورا ہو گیا۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ 2021 کے آخر میں سعودیوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہو کر 11 فیصد رہ جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 2009 کے بعد سعودیوں میں بے روزگاری کی شرح ریکارڈ حد تک کم ہوئی ہے۔ یہ بارہ سال کے دوران بے روزگاری کی سب سے کم شرح ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی وژن 2030 کے روزگار پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں۔ وژن کا بڑا ہدف یہ ہے کہ 2030 تک بے روزگاری کی شرح گھٹ کر7 فیصد تک آ جائے۔
یاد رہے کہ کورونا وبا کے بعد 2020 کی دوسری سہ ماہی کےآخر میں بے روزگاری کی شرح 15.4 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے آخر میں 14.9 فیصد اور چوتھی سہ ماہی کے آخر میں 12.6 فیصد تک آ گئی تھی۔