امام الحق اور بابر اعظم کی سینچریاں، پاکستان 6 وکٹوں سے کامیاب
امام الحق اور بابر اعظم کی سینچریاں، پاکستان 6 وکٹوں سے کامیاب
جمعرات 31 مارچ 2022 12:35
امام الحق نے مسلسل دوسری سینچری سکور کی (فوٹو: اے ایف پی)
تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے 349 رنز کا ہدف 49 اوورز میں حاصل کر لیا۔ خوشدل شاہ 27 اور افتخار احمد 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جمعرات کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا۔ دونوں کے درمیان 118 رنز کی شراکت داری بنی، جس کے بعد فخر زمان 67 رنز بنا کر مارکس سٹونس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
امام الحق نے سیریز میں اپنی دوسری سینچری بنائی اور 106 رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 گیندوں پر سینچری بنائی، وہ 114 رنز بنا کر ناتھن ایلس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
وہ کم میچوں میں 15 سینچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔ بابر اعظم ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کے خلاف سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں۔
محمد رضوان ایڈم زمپا کی گیند پر بڑی ہٹ لگانے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 23 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی اننگز کا احوال
آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن میچ کے پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے فنچ کو آؤٹ کر دیا۔
پہلے میچ میں سینچری بنانے والے ٹریوس ہیڈ کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا۔ وہ 70 گیندوں پر 89 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بین میکڈرمٹ تھے۔ انہوں نے 108 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
مارنس لبوشین 59 رنز بنا کر خوش دل شاہ کا شکار بنے۔ ایلکس کیری بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور پانچ رنز بنا کر محمد وسیم کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔
کیمرون گرین بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور پانچ رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
مارکس سٹونس بدقسمتی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 49 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسی اوور میں شاہین نے شان ایبٹ کو بھی آؤٹ کیا۔
بین میکڈرمٹ 104، ٹریوس ہیڈ 89، مارنس لبوشین 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار اور محمد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
آج کے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، محمد رضوان، سعود شکیل ، خوش دل شاہ، افتخار احمد، شاہین آفریدی، محمد وسیم، زاہد محمود اور حارث رؤف شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ آسٹریلوی سکواڈ میں ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ، شان ایبٹ، مارکس سٹونس، بین میکڈرموٹ، الکیس کیری، ناتھن ایلس، کیمرون گرین، مارنس لبوشین، ایڈم زمپا اور مچل سویپسن شامل ہیں۔
منگل کو پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو شکست ہوئی تھی اور 314 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46ویں اوور میں 225 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔