پہلا ون ڈے: امام الحق کی سینچری رائیگاں، آسٹریلیا 88 رنز سے جیت گیا
پہلا ون ڈے: امام الحق کی سینچری رائیگاں، آسٹریلیا 88 رنز سے جیت گیا
منگل 29 مارچ 2022 13:00
ٹریوس ہیڈ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سینچری بنائی (فوٹو: اے ایف پی)
تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی۔
منگل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں 314 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 46 اوور میں 225 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق نے 92 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے اپنی آٹھویں سینچری مکمل کی اور 103 رنز بنا کر ایلس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم 72 گیندوں پر 57 رنز بنانے کے بعد سویپسن کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن فخر کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 18 رنز بنا کر شان ایبٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
سعود شکیل تین، محمد رضوان 10 اور افتخار احمد صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلیا کی اننگز کا احوال
منگل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے حق میں زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا اور آسٹریلیا نے 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنا ڈالے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 101 اور بین میکڈرمٹ 55 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور زاہد محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 110 کے مجموعی سکور پر گری تھی جب اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے زاہد محمود نے ایرون فنچ کو آؤٹ کیا تھا۔ انہوں نے 23 رنز بنائے۔
ٹریوس ہیڈ نے صرف 70 گیندوں کو سامنا کرتے ہوئے اپنی سینچری مکمل کی اور اس کے فوراً بعد ہی 101 رنز پر افتخار احمد کی بال پر اپنی وکٹ گنوا دی۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بین میکڈرمٹ تھے جو 55 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
مارنس لبوشین کچھ خاص نہ کر سکے اور 25 رنز بنا کر خوشدل شاہ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
وکٹ کیپر ایلکس کیری کو صرف چار گیندیں ہی کھیلنا نصیب ہوئیں، انہیں زاہد محمود نے بولڈ کر دیا۔
اس کے بعد مارکس سٹونس اور کیمرون گرین کے درمیان 47 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد سٹونس 26 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے زاہد محمود اور محمد وسیم جونیئر اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی میچ کا حصہ نہیں ہیں۔ پریکٹس کے دوران گھٹنے پر گیند لگنے سے انجری کا شکار ہوئے تھے۔
آج ہونے والے میچ کے علاوہ اگلے دو ایک روزہ میچ بھی لاہور میں ہوں گے جو 31 اور دو اپریل کو ہوں گے۔
یاد رہے اس سے قبل ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔
ریکارڈز میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری
کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کے مقابلے میں آسٹریلیا کا ون ڈے میچز کے لیے سکواڈ نسبتا کمزور ہے۔
آسٹریلوی سکواڈ میں کئی اہم کھلاڑی انجریز، ذاتی مصروفیات اور آرام کرائے جانے کے باعث شامل نہیں کیے گئے۔ ٹاپ آرڈر بلے باز سٹیو سمتھ اور آل راؤنڈر مچل مارش زخمی ہونے کے سبب پہلا ایک روزہ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
ایک روزہ میچوں کے ریکارڈ میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 101 میچز کھیلے گئے جن میں سے 68 میں آسٹریلوی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
ون ڈے سیریز میں بابر اعظم پاکستان جبکہ ارون فنچ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
رواں سال کرکٹ کا ٹی 20 ورلڈکپ کھیلا جانا ہے اور بین الاقوامی طور پر ایک روزہ میچوں کی سیریز بہت کم رکھی گئی ہیں۔
آسٹریلیا نے اپنے آخری تینوں ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پاکستان نے گزشتہ برس جولائی میں انگلینڈ میں تینوں ون ڈے میچز میں شکست کھائی تھی۔