امید ہے پاکستان میں تمام جماعتیں یکجہتی اور استحکام کے لیے کام کریں گی: چین
جمعرات 31 مارچ 2022 17:59
بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان سے سوال کیا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر چین کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ عدم مداخلت کے اصول پر عمل پیرا ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان میں تمام جماعتیں یکجہتی اور استحکام کے لیے کام کریں گی۔
جمعرات کو بریفنگ کے دوران پاکستان کے متعلق ایک سوال کے جواب میں چینی دفتر خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن کا کہنا تھا کہ ’چین ہمیشہ دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر عمل پیرا رہتا ہے۔‘
چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں ملکی ترقی اور استحکام کے لیے اعلیٰ ترین مفاد کو برقرار رکھیں گی۔
بریفنگ کے دوران ترجمان سے سوال کیا گیا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان عدم اعتماد کے ووٹ میں ممکنہ شکست کا سامنا کر رہے ہیں۔ کیا چین کو تشویش ہے کہ پاکستان میں اقتدار کی تبدیلی دونوں ملکوں کے تعلقات کو متاثر کر سکتی ہے؟
پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف آٹھ مارچ کو تحریک عدم اعتماد کے لیے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تھی۔
اپوزیشن کی درخواست پر قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو کچھ دیر کے لیے منعقد ہوا جس کے بعد ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اتوار تین اپریل کی سہ پہر کے اجلاس ملتوی کر دیا تھا۔