جدہ کی سبزی منڈی میں رمضان کے دوران قلت کا خدشہ نہیں
جدہ کی سبزی منڈی میں رمضان کے دوران قلت کا خدشہ نہیں
جمعہ 1 اپریل 2022 10:38
اجناس کی قلت اورنرخوں میں اضافہ کا امکان نہیں (فوٹو، سبق نیوز)
وزارت پانی ، زراعت وماحولیات کے ریجنل ڈائریکٹر انجینئرسعید بن جاراللہ الغامدی نے کہا ہے کہ جدہ کی مرکزی سبزی منڈی میں سبزیاد اورپھل وافر مقدارمیں موجود ہیں۔ کسی قسم کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں۔
سبق نیوز کے مطابق ماہ رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے وزارت زراعت وپانی کے ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ جدہ کی مرکزی سبزی و پھل منڈی میں تازہ سبزیاں اورپھلوں کی قلت کا کوئی امکان نہیں۔ یومیہ بنیاد پرسبزیاں اورپھل منڈی میں پہنچ رہے ہیں۔
ریجنل ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ اندرون مملکت سے بھی پھل اورسبزیوں کی منڈی میں یومیہ بنیاد پرآمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بیرون مملکت سے سبزیاں اور پھل درآمد کرنے والے تاجروں نے بھی رمضان المبارک کے حوالے سے درآمدی کوٹے میں اضافہ کیا ہے جس سے اس بات کا قطعی امکان نہیں کہ سبزیاں یا پھل رمضان المبارک میں کم ہوسکتے ہیں۔
الغامدی کا مزید کہنا تھاکہ منڈی میں پہنچنے والی اضافی سبزیوں اور پھلوں کی کثرت کی وجہ سے تاجروں میں مقابلے کا رجحان ہوگا جس سے قیتموں میں بھی اضافے کا امکان نہیں بلکہ سامان کی کثرت کے باعث نرخ کم ہونے کی توقع ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ سبزی منڈی میں عام دنوں کی مناسبت سے ماہ رمضان میں طلب 20 فیصد بڑھ جاتی ہے اسی اعتبار سے تاجروں کی جانب سے طلب کومدنظر رکھتے ہوئے اجناس کی مستقل فراہمی کا خصوصی اہتمام کیاہے۔
وزارت کی جانب سے منڈیوں کی مسلسل نگرانی کے عمل کو بھی منظم کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نرخوں میں بھی اضافہ نہ کیاجاسکے