ممبئی۔۔۔۔ممبئی سے احمد آباد تک ہند کی پہلی بلٹ ٹرین کیلئے مہاراشٹر حکومت نے باندرہ ، کرلا اسٹیشنوں کے قریب زمین فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ۔اب انڈین ریلویز وہاں ماحولیات اور سماجی اصلاحات کے بارے میں جائزہ رپورٹیں تیارکریگا۔ اس سلسلے میں سروے کیلئے آئندہ چند ماہ میں کنسلٹیٹس مقررکردیئے جائیں گے۔ اگرچہ اس جگہ کا سروے مکمل ہوچکا ہے لیکن نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپوریشن کا قیام باقی ہے۔ جاپان انٹر نیشنل کارپوریشن ایجنسی اس میں سرمایہ لگا رہی ہے ۔ یہ بلٹ ٹرینیں350کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلا کرینگی جس کے نتیجے میں ممبئی اور احمد آباد کے درمیان سفر موجودہ 7گھنٹے کے بجائے2گھنٹے میں طے ہوگا۔