پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے ایک روز قبل اسلام آباد، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سنیچر کی شام کو سرکاری ٹی وی پر عوام کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نوجوانوں کو تحریک عدم اعتماد کے خلاف احتجاج کی کال دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’یہ آپ کے مستقبل کی جنگ ہے، اپنے ملک کے لیے آپ کو لڑنا ہوگا۔ اگر آپ چُپ کر کے بیٹھیں گے تو برائی کا ساتھ دیں گے۔‘
مزید پڑھیں
-
باہر نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں: وزیرِاعظم کی نوجوانوں کو کالNode ID: 658066
’نوجوانوں کو بیرونی سازش کے خلاف پرامن احتجاج کرنا چاہیے، قوم کے نوجوانوں کو قوم کی غیرت کے لیے کھڑا ہونا ہے۔ احتجاج کرنا آپ کا حق ہے۔‘
وزیراعظم کے اس بیان کے بعد اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے تحریک انصاف کے کارکن جمع ہوئے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
احتجاجی مظاہرے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور دیگر نے خطاب کیا اور تحریک عدم اعتماد کو غیر ملکی سازش قرار دیا۔
مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان کے حق اور اپوزیشن اور امریکہ کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
اس سلسلے میں اب تک کا سب سے بڑا مظاہرہ پشاور پریس کلب کے سامنے ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ میں کہا کہ ’مہذب قوم کا احتجاج مہذب ہوگا اور تمام عمل آئین کے مطابق ہوگا۔ تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘
تحریک انصاف مڈل کلاس کی پارٹی ہے، مخالف میڈیا ہاؤسز کی کمپین کے تحریک انصاف کے کارکن خون ریزی کریں گے حیران کن ہے، تمام عمل آئین کے مطابق ہو گا کسی تشدد کی کوئ گنجائش نہیں ، ایک مہذب قوم کا احتجاج مہذب ہو گا پر تشدد احتجاج کی خبر بھی درجنوں خبروں کی طرح فیک نیوز ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 2, 2022
وزیراعظم کے بیان کے بعد کراچی میں بھی احتجاج کی کل دے دی گئی ہے اور تحریک انصاف کراچی کی قیادت کی جانب سے چار مینار چورنگی پر دھرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے کارکنوں کو چار مینار چورنگی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب میں اس سلسلے میں تاحال کوئی بڑا احتجاج سامنے نہیں آیا، تاہم یہ اطلاعات ملی ہیں کہ سیالکوٹ کینٹ میں مقامی تنظیم نے مختصر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی کال کے بعد نہ صرف اسلام آباد بلکہ ملک کے دیگر شہروں میں انتظامیہ الرٹ ہوگئی ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا ہے جبکہ شہر کی شاہراہوں پر ٹریفک میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
