منتخب اشیاء پر ٹیکس ادا نہ کرنے پر 50ہزار ریال جرمانہ ہوگا
سگریٹ اور انرجی ڈرنک پر 100فیصد جبکہ سافٹ ڈرنک پر 50فیصد ٹیکس لگایا جائیگا ، ٹیکس ادا نہ کرنیوالے کی تشہیر بھی ہو گی
ریاض :منتخب اشیاء پر عائد ہونیوالے ٹیکس کیلئے نئے ضوابط کا اعلان کیا گیا ہے ۔ نئے ضوابط کے تحت ٹیکس ادا نہ کرنیوالے تجارتی اداروں کے خلاف 50ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ ٹیکس نادہندگان کی مقامی اخبارات میں تشہیر بھی ہو گی۔زکوۃ اور آمدنی بورڈ نے الحیاۃ اخبار کو بتایا کہ منتخب اشیاء پر ٹیکس کا نفاذ سب سے پہلے ان چیزوں پر ہو گا جو صحت کیلئے مضر ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ سگریٹ پر 100فیصد ٹیکس عائد ہو گا۔اسی طرح انرجی ڈرنک پر بھی 100فیصد لگایا جائے گا ۔ ذرائع نے بتایا کہ سافٹ ڈرنک پر 50فیصد ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔ٹیکس ادا نہ کرنیوالوں یا ٹیکس کی ادائیگی میں ٹال مٹول کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی ہو گی ۔ جن اداروں پر ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے انہیں پابند کیا جائے گا کہ وہ ہر مہینے فروخت ہونیوالی اشیاء کی تعداد اور دیگر تفصیلات کی ماہانہ فہرست زکوۃ اور آمدنی بورڈ میں جمع کروائیں ۔خلاف ور زی پر نافذ ہونیوالے ٹیکس کا 5سے 25فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔