ہر کامیاب شخص کے پیچھے بیوی کا ہاتھ ہوتا ہے، بشریٰ بی بی
وزیر اعظم عمران خان کی بیگم بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ ہر کامیاب آدمی کے پیچھے اس کی بیوی کا ہاتھ ہوتا ہے۔
خاتون اول نے پیر کو لاہور میں داتا گنج بخش کے مزار کے قریب پناہ گاہ کا دورہ کیا ہے۔ دورے کے دوران خاتون اول کے ہمراہ ان کی قریبی دوست فرح خان بھی تھیں۔
دورے کے دوران صحافی کے سوال پر کہ کہا جاتا ہے کہ عمران خان کی ہر کامیابی کے پیچھے آپ کا ہاتھ ہے انہوں نے کہا کہ ’ ہر کامیاب آدمی کے پیچھے اس کی بیوی کا ہاتھ ہوتا ہے۔‘
اپنے دورے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’یہاں مسائل کا سن کر آئی تھی لیکن یہاں صورتحال بہتر ہے۔‘
بشریٰ بی بی نے پناہ گاہ میں سہولتوں کا جائزہ لینے کے دوران وہاں مقیم افراد سے کھانے کے معیار اور رہائشی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے کھانا چکھ کر کھانے کا معیار چیک کیا۔
خاتون اول نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے ان کے مسائل بھی پوچھے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
انہوں نے انتظامیہ کو پناہ گاہ میں سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اس موقع پر خاتون اول نے کہا کہ پناہ گاہوں کی عمارتوں کی ضروری مرمت کے لیے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریں گے۔