خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان، جلد الیکشن کا فائدہ کسے، پی ٹی آئی کے پاس آپشنز سمیت پاکستان سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں
خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان، جلد الیکشن کا فائدہ کسے، پی ٹی آئی کے پاس آپشنز سمیت پاکستان سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ہفتہ 9 اپریل 2022 0:01
فرح خان ماضی میں پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹ کے لیے کورنگ امیدوار بھی رہی ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے اور اسمبلی توڑنے جانے کے بعد عدالتی کارروائی اور پھر سپریم کورٹ کی جانب سے حکومت کی بحالی گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں رہیں۔
سیاسی موسم کے اتارچڑھاؤ کے دوران جہاں میدان سیاست کی سرگرمیاں قارئین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہیں وہیں اہل سیاست سے جڑے دیگر موضوعات بھی یکساں اہمیت کے حامل رہے۔
ہفتہ رفتہ کے دوران خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان، جلد الیکشن کا فائدہ کسے اور عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے پاس آپشنز بھی اہم موضوعات میں شامل رہے۔
خاتونِ اول کی قریبی دوست فرح خان خبروں میں کیوں ہیں؟
پاکستان کی سیاست میں آج کل ایک مرتبہ پھر خاتونِ اول کی قریبی ترین دوست فرح خان کا ذکر ہو رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں اور اہم رہنماؤں جن میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز بھی شامل ہیں، نے فرح خان پر کرپشن کے الزام عائد کیے ہیں۔
وزیرِاعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے یہ کہا تھا کہ انہیں علم ہے کہ ان کے بارے میں اور خاص طور پر ان کی اہلیہ کی دوست فرح خان کے بارے میں آئندہ دنوں میں میڈیا میں کردارکُشی کی ایک مہم شروع کی جائے گی۔
’صدر اور وزیراعظم کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہوگا‘
پاکستان کی سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے صدارتی حکم اور سپیکر کی رولنگ کے خلاف فوری حکم امتناع دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ صدر اور وزیراعظم سمیت تمام اقدامات عدالت کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوں گے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل بینچ نے ملکی سیاسی صورت حال پر لیے گئے از خود نوٹس کیس کی ابتدائی سماعت کی۔
عدم اعتماد مسترد، صدر نے اسمبلی توڑ دی، وفاقی کابینہ بھی تحلیل
صدر پاکستان عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 58 ون اور 48 ون کے تحت قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
قبل ازیں اتوار ہی کو وزیراعظم کی جانب سے اسمبلیاں توڑنے کی ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوانے کے اعلان کے بعد فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ وفاقی کابینہ تحلیل کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے پاس کیا آپشنز ہیں؟
سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو خلاف آئین قرار دینے اور اسمبلی اور حکومت کی بحالی کے بعد وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر ہفتے کو تحریک عدم اعتماد کا سامنا کریں گے۔
اس صورتحال میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی بظاہر مشکل کا شکار ہو گئی ہے اور وزیراعظم اور ان کے رفقا اگلے لائحہ عمل پر مشاورت کر رہے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق کپتان نے بھی اگلے اقدام کی تیاری کر رکھی ہے تاہم ابھی تک اسے بھی ایک سرپرائز کی شکل میں مخفی رکھا ہوا ہے۔
پرویز الہٰی یا حمزہ شہباز، پنجاب میں نمبر گیم کس کے حق میں ہے؟
پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا عمل اتوار کے روز متوقع ہے تو دوسری طرف آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں اس وقت وزیر اعلٰی کی کرسی خالی ہے۔
نئے وزیر اعلٰی کے انتخاب کے حوالے سے تیزی سے سیاسی صورت حال تبدیل ہو رہی ہے۔ سپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے سنیچر دو اپریل کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
جلد الیکشن کی صورت میں کن بڑی جماعتوں کو سیاسی فائدہ ہوگا؟
ڈپٹی سپیکر کی جانب سے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کے بعد صدر عارف علوی نے اسمبلی توڑ دی ہے اور حکومت نئے الیکشن کی تیاریوں میں نظر آ رہی ہے۔
مگر اپوزیشن اس معاملے پر سپریم کورٹ جا چکی ہے اور بظاہر وہ فوری انتخابات کے بجائے کچھ اصلاحات کے بعد تین سے چھ ماہ میں انتخابات چاہتی ہے۔
اردو نیوز نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ اگر ملک میں حکومتی خواہش کے مطابق فوری الیکشن ہو جائیں تو ملک کی چار بڑی جماعتوں میں کونسی جماعت زیادہ فائدے میں رہے گی؟