Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فنکار عمران خان کے ساتھ، ’اللہ کرے وہ بھی فنکاروں کے ساتھ کھڑے ہوں‘

وزیراعظم عمران خان اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں شوبز ستاروں سے قریب رہے ہیں۔ (تصویر: انسٹاگرام)
پاکستان میں جاری سیاسی و آئینی بحران کے دوران پاکستان میں کئی شوبز ستارے وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں کھل کر بیانات دے رہے ہیں۔
پاکستانی اداکار یاسر حسین نے پیر کو شوبز شخصیات کی جانب سے عمران خان کو ملنے والی حمایت پر تبصرہ کیا لیکن ان کے تبصرے میں شکوے کا رنگ بھی نظر آیا۔
انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں یاسرحسین نے لکھا ’جیسے اس وقت فنکار عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، اللہ کرے پاور (اقتدار) میں آنے کے بعد عمران خان بھی ان کے ساتھ ایسے ہی کھڑا ہو۔‘
واضح رہے یاسر حسین نے پچھلے سال ابو علیحہ کی ہدایت کاری میں بنے والی فلم ’جاوید اقبال: آن ٹالڈ سٹوری آف آ سیریل کلر‘ میں قاتل کا کردار ادا کیا تھا۔

لاہور کا رہائشی جاوید اقبال پاکستان کی تاریخ کی سیاہ ترین شخصیات میں سے ایک تھا۔ اس وقت کے اخبارات اور جاوید اقبال کے اپنے اعترافی بیان کے مطابق اس نے 1998 اور 1999 کے دوران تقریباً 100 بچوں کو زیادتی کرنے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
اس فلم کو رواں برس جنوری میں ریلیز کیا جانا تھا لیکن اس کی ریلیز سے صرف دو دن پہلے پنجاب کی حکومت نے اس پر پابندی عائد کردی تھی جس کے بعد اس فلم کی نمائش کو مؤخر کر دیا گیا تھا۔
یاسر حسین کا وزیراعظم عمران خان سے متعلق انسٹاگرام پر بیان ممکنہ طور پر اس فلم پر لگنے والی پابندی پر شکوہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان بھی اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں شوبز ستاروں سے قریب رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اپنے دور حکومت میں شوبز ستاروں سے قریب رہے ہیں۔ (تصویر: فیصل جاوید خان)

انہوں نے شوبز شخصیات سے آخری ملاقات 3 اپریل کو کی تھی۔ ان سے ملاقات کرنے والوں میں فلم سٹار شان اور لکھاری خلیل الرحمان قمر شامل تھے۔

شیئر: