عمرہ زائرین کو منظم کرنے میں سیکیورٹی فورس کا اہم کردار
عمرہ زائرین کو منظم کرنے میں سیکیورٹی فورس کا اہم کردار
ہفتہ 9 اپریل 2022 20:53
مسجد الحرام میں سیکیورٹی فورس متعدد فرائض انجام دے رہی ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں معاون عمرہ سیکیورٹی فورس میجر جنرل ناصر بن عمرالناصر نے کہا ہے کہ’ مسجد الحرام میں سیکیورٹی فورس متعدد فرائض انجام دے رہی ہے۔ عمرہ زائرین کے اژدھام کو کنٹرول کرنا اور زائرین کو منظم کرنا اہم فریضہ ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میجر جنرل ناصر بن عم الناصر نے کہا کہ ’بیرون مکہ سے مختلف راستوں سے زائرین مقدس شہر پہنچتے ہیں ۔ یہاں وہ مسجد الحرام کے شمالی و مغربی اور تیسری سعودی توسیع کے صحنوں میں پہنچتے ہیں۔ ابراہیم الخلیل روڈ سے مسجد الحرام کا رخ کرتے ہیں‘۔
’اسی طرح جبل الکعبہ اور ام القریٰ سٹریٹ پر بھی زائرین کی آمد ورفت ہوتی ہے۔ ان سب مقامات پر زائرین کے اجازت نامے چیک کیے جاتے ہیں اورانہیں قافلوں کی صورت میں مسجد الحرام بھیجا جاتا ہے‘۔
محکمہ امن عامہ نے ٹوئٹر پر بیان میں زائرین سے اپیل کی کہ’ وہ عمرہ اجازت نامے کی پابندی کریں۔ حفاظتی ماسک ضرور پہنیں۔ وائرس سے بچاو کی تدابیر کریں اور ایسا کوئی نہ کریں جو خلاف قانون ہو‘۔