’صافر‘ آئل ٹینکر کا معاملہ جلد از جلد حل کرنا ہوگا، جی سی سی سیکریٹری جنرل
اتوار 10 اپریل 2022 23:18
نایف الحجرف سے اقوام متحدہ کے رابطہ کار اور امریکی ایلچی نے ملاقات کی ہے(فوٹو عرب نیوز)
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف نے کہا ہے کہ یمنی عوام کے انسانی مسائل حل کرنے اور ’صافر‘ آئل ٹینکر کا معاملہ حل کرنے کے لیے عالمی برادری کے مشن کے ساتھ ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ صافر آئل ٹینکر کا مسئلہ جلد از جلد حل کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر نایف الحجرف سے اتوار کو جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ ریاض میں اقوام متحدہ کے رابطہ کار اور امریکی ایلچی برائے یمن اور ان کے ہمراہ وفد نے ملاقات کی ہے۔
اقوام متحدہ اور امریکہ کے ایلچیوں نے اس موقع پر یمن میں انسانی تنظیموں کے مشن، بین الاقوامی و علاقائی کوششوں کی مدد کے لیے یکجہتی بڑھانے اور جنگ بندی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے صافر آئل ٹینکر سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ کار کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا۔ صافر آئل ٹینکر سے ماحولیاتی المیہ روکنے کے لیے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر ہنگامی بنیادوں پر آئل ٹینکر کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو دھماکہ خیز شکل اختیار کرلے گا اور اس سے ماحولیاتی و معاشی المیہ جنم لے گا۔