Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 رمضان المبارک کا پہلا عشرہ کامیاب رہا، شیخ السدیس

ادارہ امورحرمین شریفین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے ادارہ کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین اورنماز کی ادائیگی کےلیے آنے والوں کو فراہم کی جانے والی خدمات پراطمینان کا اظہارکیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے ادارہ امورحرمین کے نگران اعلی شیخ السدیس کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ کامیابی سے مکمل ہوگیا اس دوران حرم مکی الشریف میں آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے زیادہ رہی۔

زائرین کو ہرممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے(فوٹو، ایس پی اے)

ادارہ کی جانب سے ماہ مبارک میں زائرین حرم کو مختلف سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے جامع منصوبہ مرتب کیا گیا تھا جس پر کامیابی عمل کیا گیا ۔ ادارے کی جانب سے عمرہ زائرین کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں تاکہ وہ مکمل یکسوئی سے عبادت الہی میں اپنا وقت گزاریں۔
 شیخ السدیس نے مزید کہا امسال کورونا کی وجہ سے عائد پابندیوں میں کی جانے والی نرمیوں کے بعد  رمضا ن المبارک کے پہلے عشرے میں بڑی تعداد میں زائرین حرمین شریفین میں آئی۔
زائرین کی متوقع تعداد کے پیش نظر  ادارے کی جانب سے پہلے ہی جامع منصوبہ بندی ترتیب دی گئی تھی تاکہ احتیاطی تدابیر کے تحت زائرین حرمین کی صحت و سلامتی کویقینی بناتے ہوئے انہیں اعلی خدمات مہیا کی جائیں۔

گزشتہ 2 برسوں سے کورونا کے باعث پابندیاں عائد تھیں(فوٹو، ایس پی اے)

واضح رہے امسال وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے بعض اہم پابندیاں جن میں سماجی فاصلہ اور بیرون مملکت سے آنےوالوں کے لیے لازمی قرنطینہ کا اصول مقرر تھا ختم کردیا گیا ہے جس کے بعد حرمین شریفین کے علاوہ دیگر مساجد میں بھی نمازباجماعت کے دوران صفوں میں سماجی فاصلہ نہیں رکھا جاتا جبکہ مسجد الحرام میں بھی مکمل گنجائش کے ساتھ عمرہ اور نماز باجماعت کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔

شیئر: