خواتین سمیت آٹھ لاکھ سے زیادہ سعودی ایپلی کیشن ٹیکسی سے منسلک
ایپلی کیشن ٹیکسی سے بعض افراد ماہانہ10 ہزار ریال کما رہے ہیں(فوٹو: سبق)
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان صالح الزوید نے کہا ہے کہ’ مملکت میں آٹھ لاکھ سے زیادہ سعودی ایپلی کیشن ٹیکسی سے منسلک ہیں، ان میں خواتین شامل ہیں‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے صالح الزوید نے کہا کہ ’2021 کے دوران ایپلی کیشن ٹیکسی ڈرائیوروں نے 65 ملین سے زیادہ سفری آپریشن کیے۔ ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد کو فائدہ پہنچا۔‘
صالح الزوید نے کہا کہ ’پانچ برس پرانے ماڈل کی گاڑیوں کو ایپلی کیشن ٹیکسیوں میں 2022 کے آخر تک استعمال کرنے کی اجازت سے سعودیوں کو فائدہ پہنچے گا۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’ایپلی کیشن ٹیکسی سے بعض افراد ماہانہ 10 ہزار ریال کما رہے ہیں۔ 10 ہزار سے زیادہ خواتین ایپلی کیشن ٹیکسیوں کو گائیڈ بھی کر رہی ہیں۔‘