Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کے پاکستانی فوج کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات ہیں: پینٹاگون

جان کربی نے پاکستانی سیاست پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ’امریکہ کے پاکستانی فوج کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ یہ تعلقات جاری رہیں گے۔‘
منگل کو پریس بریفنگ میں جان کربی نے کہا کہ ’اِس خطے میں سلامتی اور استحکام کے حوالے سے امریکہ کے پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان خطے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان اور اس کے عوام خود اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گرد حملوں کا شکار ہیں۔‘
’ہم تسلیم کرتے ہیں کہ سکیورٹی اور استحکام کے لیے ہمارے مشترکہ مفادات ہیں اور ہماری فوج کے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ اچھے فوجی تعلقات ہیں اور ہمیں پوری اُمید ہے کہ یہ جاری رہیں گے۔‘
شہباز شریف کے بطور وزیراعظم انتخاب اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امریکہ کے خلاف حکومت کی تبدیلی میں کردار ادا کرنے کے الزامات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں جان کربی نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ہم پاکستان کی اندرونی سیاست کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔‘
سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنے حامیوں کے ساتھ مظاہروں کے پیش نظر پاکستان کی فوج کی مداخلت کی صورت میں امریکہ کے تیار ہونے سے متعلق سوال پر جان کربی نے کہا کہ ’مجھے اس معاملے میں امریکی فوج کا کوئی کردار دکھائی نہیں دیتا۔‘
انہوں نے دوبارہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یقینی طور پر پاکستان کی داخلی سیاست پر بات نہیں کروں گا۔‘

شیئر: