Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی غیر ویکسین شدہ افراد کو بیرون ملک سفر کی اجازت

یو اے ای کی ریاستوں میں ویکسین کی اب تک دو کروڑ 46 لاکھ سے زائد خوراکیں شہریوں کو دی جا چکی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات نے غیر ویکسین شدہ شہریوں کو 19 اپریل سے بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق غیر ویکسین شدہ شہریوں کو سفر کی اجازت دینے کے فیصلے کا اعلان حکومت کی نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی اتھارٹی نے کیا۔
جمعرات کو اس حوالے سے بتایا گیا کہ غیر ویکسین شدہ شہریوں کو سفر سے 48 گھنٹے قبل منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانا ہوگی اور سفری درخواست فارم کو الحسن ایپ پر مکمل کرنا ہوگا جس سے ان کا سٹیٹس وہاں سبز (گرین) ہو جائے گا۔
نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی اتھارٹی کے ترجمان ڈاکٹر طاہر الامیری نے بتایا کہ ’نیا پروٹوکول متحدہ عرب امارات کی اس پالیسی کے مطابق ہے جس کے تحت وبا سے چھٹکارے اور واپس عام حالات کی جانب زندگی کو لانا ہے۔‘
ڈاکٹر الامیری نے کہا کہ 16 برس سے کم عمر کے غیر ویکسین شدہ شہریوں کو سفر سے قبل منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنے سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاہم ان کو کورونا کی وبا سے حفاظت کے احتیاطی تدابیر کی پابندی کرنا ہوگی۔
متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ کرانے اور ویکسینیشن کی مہم کے باعث وائرس سے ہونے والے انفیکشن میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے اور بدھ کو 237 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

حکام نے 16 برس سے کم عمر شہریوں کو منفی پی سی آر ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

یو اے ای کی ریاستوں میں ویکسین کی اب تک دو کروڑ 46 لاکھ سے زائد خوراکیں شہریوں کو دی جا چکی ہیں۔
ڈاکٹر الامیری نے بتایا کہ کورونا کی وبا سے بحالی کے دور میں داخل ہونے کے باوجود احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے اور ماسک کے ساتھ سوشل ڈسٹنسنگ اور سینیٹائزر کا استعمال بھی ضروری ہے۔

شیئر: