لاہور میں نوجوان نے والدین سمیت پانچ رشتہ دار قتل کر دیے
پولیس کے مطابق ملزم نے بیان دیا ہے کہ ’جن افراد پر اس نے فائرنگ کی انہوں نے اس کے بیٹے پر تشدد کیا تھا۔‘(فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس کے مطابق ایک شخص نے اپنے گھر والوں اور سسرالیوں پر فائرنگ کر کے کم از کم پانچ افراد ہلاک کر دیے ہیں جبکہ دو شدید زخمی ہیں۔
لاہور پولیس نے کہا ہے کہ جمعے کو شیراز ٹاؤن کے علاقے میں عابد نامی شخص نے پہلے اپنے گھر والوں پر فائرنگ کی جس کے بعد وہ اپنے سسرالیوں کے گھر گرین ٹاؤن پہنچا اور وہاں بھی فائرنگ کی۔
پولیس نے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
لاہور پولیس کے سی سی پی او شہزادہ سلطان کا کہنا ہے کہ واقعات کی اطلاع ملتے ہی ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے گئے تھے جبکہ ایس پی صدر آپریشنز، ایس پی انوسٹی گیشن، سینیئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیموں نے موقعے سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم عابد نے ابتدائی طور پر یہ بیان دیا ہے کہ ’جن افراد پر اس نے فائرنگ کی انہوں نے اس کے بیٹے پر تشدد کیا تھا۔‘
مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے ہر پہلو پر اس کیس کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
سی سی پی او آفس کے مطابق ’ملزم عابد آئس نشے کا بھی عادی ہے اور اس بات کی تصدیق اس کے قریبی رشتہ داروں اور محلے داروں نے کی ہے۔‘
ابتدائی تفتیش میں کہا گیا ہے کہ ملزم عابد نے اپنے گھر کے چار افراد کو قتل جبکہ سسرال میں بھی فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک اور دو افراد کو زخمی کیا ہے۔
ترجمان لاہور پولیس نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ملزم کے والد غلام حسین، والدہ آسیہ، بہن راحیلہ، بھانجا ہمایوں اور خالہ شگفتہ شامل ہیں۔ جبکہ ملزم کی ساس رانی بی بی اور سسر اسلم زخمی ہیں۔