Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور: میاں بیوی کا جھگڑا جو تہرے قتل کا باعث بنا 

حامد شاہ اور ان کے دو بیٹوں کو قتل کیا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
گذشتہ سال نومبر میں لاہور کے علاقے راج گڑھ میں اس وقت کہرام مچ گیا جب ایک گھر میں بیک وقت تین افراد کو قتل کردیا گیا۔ مقتول امریکہ پلٹ حامد شاہ اور ان کے دو بیٹے تھے۔ 
اس شام علاقے کے لوگ اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھے جب انہیں فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ یہ سنتے ہی وہ حامد شاہ کے گھر کی طرف بھاگے اور وہاں جا کے انہیں اور ان کے دو بیٹوں فرخ شاہ اور شاہ رخ کو خون میں لت پت دیکھا۔
انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ حامد شاہ اور فرخ شاہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ شاہ رخ اس وقت موت و حیات کی کشمکش میں تھے اور دو روز بعد وہ بھی چل بسے۔ 
متعلقہ ڈی ایس پی یعقوب اعوان کے مطابق گھر کی خواتین کی طرف سے ون فائیو پر اطلاع دیے جانے کے سات منٹ بعد پولیس موقعے پر پہنچی تو ملزم فرار ہوچکا تھا۔ 
بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک شخص سست رفتاری سے گلی میں چلتا ہوا ایک گھر میں گھستا ہے۔ اور چند ہی منٹوں بعد وہ باہر نکلتا ہے اور سرپٹ دوڑنا شروع ہو جاتا ہے۔ تاہم اس بار اس کے ہاتھ میں ایک پستول بھی ہے۔  
واقعے کے بعد پولیس کو اہل خانہ سے ملنے والی معلومات سے پتا چلا کہ حامد شاہ اور ان کے بیٹوں کو قتل کرنے والا شخص ان کی بیٹی نورین (فرضی نام) کا خاوند شاہ زیب عرف باؤ گجر تھا۔
ملزم کے بارے میں اطلاعات ملنے کے بعد پولیس اس کی گرفتاری کے لیے نکلی لیکن وہ غائب ہو گیا اور اس نے اپنے رابطہ نمبر منقطع کردیے۔ 

مقتول کے خلاف مقدمے کی کارروائی آئندہ ماہ شروع ہوجائے گی (فائل فوٹو: اے پی)

یعقوب اعوان نے اس واقعے کی تفتیش کے متعلق اردو نیوز کو بتایا کہ ’نورین شوہر سے تلخی کی وجہ سے اپنے والدین کے گھر آگئی تھیں اور شاہزیب کوشش کررہا تھا کہ وہ واپس آجائے لیکن ان کی صلح نہیں ہو رہی تھی۔ اس کے بعد اس نے نورین کے والد کے گھر آکر انہیں اور ان کے دو بیٹوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔‘  
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کی تو پتا چلا کہ وہ لاہور کے قریب دریائے راوی کے کنارے ایک گاؤں میں روپوش ہے، جہاں چھاپہ مار کر اس کو گرفتار کرلیا گیا۔
نورین نے اردو نیوز کو بتایا کہ ان کے شوہر آئے روز ان سے پیسے مانگتے رہتے تھے اور ان پر تشدد کرتے تھے۔
نورین کا کہنا ہے کہ ’ہماری چند سال پہلے ہی شادی ہوئی تھی۔ شاہزیب مجھ پر تشدد کرتا تھا اور بے جا پیسوں کا مطالبہ کرتا تھا۔ گذشتہ سال اکتوبر میں جب میرے والد امریکہ سے واپس آئے تو اس نے پھر مجھے کہا کہ پیسے لاؤ مجھے کاروبار کرنا ہے تو میں نے انکار کردیا۔‘  
نورین بتاتی ہیں کہ ’جب میں نے انکار کیا تو اس نے میرے اوپر ہاتھ اٹھایا تو میں نے اسی وقت فیصلہ کرلیا کہ میں نے اب اس کے ساتھ نہیں رہنا۔ میں اپنے گھر آگئی۔ یہ اس کے بعد مجھے فون کرتا رہا اور دھمکیاں بھی دیتا رہا۔‘  
نورین نے اپنے والد کو تمام صورت حال سے آگاہ کردیا جس پر ان کے والد نے انہیں تب تک اپنے ساتھ رہنے کو کہا جب تک شاہزیب کا رویہ درست نہیں ہوجاتا۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملزم کی تلاش شروع کی تھی (فائل فوٹو: ائے ایف پی)

’15 نومبر کو بھی یہ مجھے لگاتار کالز کرتا رہا لیکن میں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اس کے بعد اس نے مجھے فون پر میسجز کیے کہ میں تمہیں لینے آرہا ہوں۔‘ 
نورین نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے پاپا کو بتا دیا تھا کہ وہ اس طرح کہہ رہا ہے تو انہوں نے کہا کہ چلو کوئی بات نہیں آئے گا تو ہم اس سے بات کریں گے۔ شام کو جب وہ آیا تو میں اوپر والی منزل پر چلی گئی۔ میرے ابا اور دو بھائی نیچے تھے۔‘
’مختصرسی نوک جھونک کے بعد اچانک فائرنگ کی آواز آئی تو میں بھاگ کر نیچے گئی تو میرے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی۔ میرے والد اور دو بھائی خون میں لت پت پڑے تھے۔ اور ملزم بیرونی گیٹ کھول کر فرار ہو رہا تھا۔‘
 ’اس کے بعد مجھے کچھ ہوش نہیں رہا۔ بس یہ دیکھ رہی تھی کہ لوگ گھر میں داخل ہو رہے ہیں۔‘ 
نورین نے عدالت میں خلع کا کیس دائر کر رکھا ہے جس کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔ دوسری طرف پولیس نے مقدمے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے اور شاہزیب کے خلاف مقدمے کی حتمی کارروائی اگلے ماہ شروع ہو جائے گی۔

شیئر: