فوج اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش برداشت نہیں: آرمی چیف
اتوار 17 اپریل 2022 20:16
قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’قیاس آرائیوں اور پروپیگنڈا ملکی سالمیت کےلیے خطرہ ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ’فوج کی طاقت عوام ہیں اور فوج اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘
اتوار کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ’دشمن طاقتیں یہ کام کافی دیر سے کر رہی ہیں، لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گی۔‘
بیان کے مطابق اتوار کو آرمی چیف نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حال ہی میں سڑک پر جھگڑے میں زخمی ہونے والے میجر حارث کی عیادت کی۔
’چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ جو لوگ گرفتار ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔‘
اس کے علاوہ آرمی چیف نے گیریژن آفیسرز اور ریٹائرڈ فوجیوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے پیشہ ورانہ تیاریوں اور ٹریننگ پر لاہور گیریژن کی تعریف کی۔
قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’قیاس آرائیاں اور پروپیگنڈا ملکی سالمیت کےلیے خطرہ ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے بروقت جواب کی ضرورت ہے۔‘