Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ھروب کی رپورٹ اور اسے منسوخ کرانے کے نئے ضوابط کیا ہیں؟

’ھروب کی رپورٹ آجر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے آن لائن کراسکتا ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود نےھروب کی رپورٹ اور اسے منسوخ کرانے کے ضوابط پر مشتمل نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت نے بیان میں کہا کہ ’ھروب کی رپورٹ آجر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے آن لائن کرا سکتا ہے۔ ھروب کی رپورٹ وزارت کی کسی برانچ سے نہیں ہوتی۔‘
’برانچ سے صرف اس صورت میں ہوتی ہے جب ورک پرمٹ کی میعاد ختم ہوچکی ہو اور دیگر شرائط بھی پوری کی جا رہی ہوں مثلا آجر کی جانب سے ھروب کی رپورٹ ایوان تجارت سے آن لائن مصدقہ ہو اورآجر کی درخواست ورک پرمٹ ختم ہونے کے بعد ھروب کی رپورٹ کے لیے مقرر ضوابط پر پوری اتر رہی ہو۔‘
 ایک شرط یہ بھی ہے کہ ’متعلقہ ادارہ ھروب کی رپورٹ کا جائزہ پیش کرے گا جس میں آجر کے ادارے کے یہاں کام کرنے والوں کی تعداد کا تذکرہ ہوگا۔‘
’جائزے میں یہ بات بھی شامل ہوگی کہ جس اجیر کے خلاف ھروب کی رپورٹ درج کرائی جارہی ہے اس کا ورک پرمٹ کس تاریخ کو ختم ہورہا ہے۔‘
 انسپکٹر کی فیلڈ رپورٹ بھی منسلک ہوگی۔ یہ بھی درج کرنا ہوگا کہ ھروب کی رپورٹ جس اجیر کے خلاف درج کرائی جارہی ہے آیا اس کی جانب سے آجر کے  خلاف کوئی مقدمہ تو نہیں ہے۔ 
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ھروب کی رپورٹ کی منسوخی کی شرائط بھی مقرر کی ہیں۔
 ایک شرط یہ ہے کہ ’سسٹم میں کوئی تکنیکی خرابی ہو جس کے باعث آجر مقررہ مدت کے دوران ھروب کی رپورٹ منسوخ نہ کرا سکا ہو۔‘
’آجر کو اس بات کا ثبوت پیش کرنا ہوگا کہ اس نے کس تاریخ کو اور کب رپورٹ منسوخ کرانے کی کوشش کی تھی۔ فنی خرابی کی وجہ سے رپورٹ ریکارڈ پر نہیں آئی۔ یہ کارروائی بھی رپورٹ کی منسوخی کے لیے مقرر تاریخ سے ایک ماہ کے اندر کرنی ہوگی۔‘
اگر آجر ھروب کی رپورٹ پر 20 دن گزرنے کے بعد اپنے اجیر کے خلاف ھروب کی رپورٹ منسوخ کرانا چاہے توایسی صورت میں ضروری ہوگا کہ منسوخی کی درخواست ایوان تجارت سے تصدیق شدہ ہو اور اس کے ادارے کی قانونی پوزیشن درست ہو۔
آجر اپنی درخواست میں اس بات کا عہد بھی کرے کہ وہ متعلقہ غیرملکی فرد کے اقامے کی تجدید پرعائد ہونے والا مقابل مال منسوخی کی تاریخ کے دس روز کے اندر جمع کرادے گا۔ 

شیئر: